16/10/2025
ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز خیبرپختونخوا پولیس
نوشہرہ 14اکتوبر 2025
٭ خیبرپختونخوا پولیس کی بہادری، جوانمردی اور بلند حوصلہ اس کا طرہ امتیاز ہے،نامساعد حالات کے باوجود پولیس فورس قیامِ امن کے لیے عوام اور سماج دشمن عناصر کے درمیان سیسہ پلائی دیوار بنی ہوئی ہے۔پولیس کی فلاح و بہبود اور تھانوں کے انفراسٹرکچر پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔آئی جی پی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید
٭ خیبر پختونخوا پولیس ہر قسم حالات سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور یہ بات انھوں نے حالیہ دنوں میں ثابت بھی کردی ہے۔آئی جی پی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید
(پریس ریلیز )
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے آج ضلع نوشہرہ کا مختصر دورہ کیا اور عوام و سپاہ کی فلاح و بہبود کے سلسلے میں جاری منصوبوں کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران آئی جی پی نے بہترین سہولیات سے مزین تھانہ بدرشی کا افتتاح کیا۔ تھانہ بدرشی آمد پر ریجنل پولیس آفیسر مردان جواد قمر اور ضلعی پولیس سربراہ نوشہرہ احمد شاہ نے دیگر اعلی پولیس افسران کے ساتھ آئی جی پی ذوالفقار حمید کا پر تپاک استقبال کیا، رکن صوبائی اسمبلی میاں محمد عمر کاکا خیل بھی موجود تھے۔اس موقع پر نوشہرہ پولیس کے چاک وچوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی پیش کی۔
آئی جی پی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے تھانہ بدرشی کے نئے تعمیر شدہ بلاک کا فیتہ کاٹ کر افتتاح کیا۔ تھانے کا معائنہ کرتے ہوئے انہوں نے تزئین و آرائش اور جوانوں کیلئے رہائش اور سیکورٹی کے بہترین اقدامات کو سراہا۔آئی جی پی تھانے میں متعین سٹاف سے ملے اور اُن سے ڈیوٹی اور عوامی خدمت کے متعلق گفتگو کی۔ انہوں نے تھانے کے سبزہ زار میں پودا بھی لگایا۔
بعد ازاں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے پولیس لائن نوشہرہ کا دورہ بھی کیا اور یاد گار شہداءپر حاضری دی۔ انہوں نے یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور شہدائے پولیس کے بلند درجات کیلئے دعا کی۔ اس موقع پر انہوں نے وزیٹر بک میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔
آئی جی خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کی تاریخ، قربانیوں اور پیشہ ورانہ خدمات کی بناءپر ایک منفرد مقام رکھتی ہے۔ ہم کئی دہائیوں سے دہشت گردی جیسے چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں، مگر ہماری فورس نے ہمیشہ جوانمردی کا مظاہرہ کیا ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ "ہم تھانوں کی بہتری، انفراسٹرکچر کی اَپ گریڈیشن اور سپاہ کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دے رہے ہیں۔ حالیہ حکومتی اقدامات سے فورس کا حوصلہ مزید بلند ہوا ہے اور پولیس پہلے سے زیادہ عزم کے ساتھ قیامِ امن کے مشن پر کاربند ہے۔ ہمارا اصل ہدف عوام کو ایک محفوظ، پرامن اور خوشحال پاکستان فراہم کرنا ہے۔