
06/02/2024
*ریختہ اجلاس 10*
گورنمنٹ فریدیہ گریجویٹ کالج پاکپتن شریف کے ادبی فورم "ریختہ" کا اجلاس دہم مؤرخہ 31 جنوری 2024ء، صبح 10:30 بجے بسلسلۂ استقبال بی ایس اردو نیو سیشن، کالج ہذا کے ماڈل روم میں نام ور استاد شاعر جناب موج دین فریدی صاحب کی صدارت میں منعقد ہوا۔ شعبہ اردو سے جناب ڈاکٹر نوید احمد عاجز صاحب بطور مہمان خصوصی، جبکہ پروفیسر ڈاکٹر محمد عمران، پروفیسر عمر فاروق اور پروفیسر محمد احمد صاحب بطور مہمان اعزاز شریکِ محفل تھے۔ بی ایس اردو کے تمام سمیسٹرز کے طلباء و طالبات اس محفل کی زینت بنے۔ بی ایس اردو کے طالب علم محمد عارف نے تلاوتِ قرآن مجید کی سعادت حاصل کی، جن کے بعد موج دین فریدی صاحب نے بارگاہِ نبوت میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔ نقابت کے فرائض جنرل سیکرٹری ریختہ ناظم زرؔسنّر نے سر انجام دیے اور تقریب کے آغاز ہی میں کالج ہذا کے شعبہ اردو کا تفصیلی تعارف پیش کیا، اس کی خدمات کا ذکر کیا، ادبی فورم ریختہ کا تعارف پیش کیا اور نئے سیشن کے طلباء کو بھی ادبی تخلیقات میں دلچسپی لینے پر آمادہ کرنے کی سعی کی۔ شعبہ اردو کے پروفیسر حضرات کا بھی تفصیلی تعارف پیش کیا۔ بی ایس اردو کی باعثِ فخر طالبہ اور "فضا سے کہنا" کی خالق، فضا موسیٰ کی ادبی خدمات کو بھی خوب سراہا گیا۔ بی ایس اردو سمیسٹر چہارم کے طلباء راؤ علی رضا اور فائزہ علی نے استقبالیہ خطبہ پیش کیا جس کے بعد شعبہ اردو کے تمام پروفیسر حضرات طلباء و طالبات سے مخاطب ہوئے، شعبہ اردو چننے پر ان کی حوصلہ افزائی کی اور انھیں روشن مستقبل کی نوید سنائی اور ان تھک محنت کرنے کی نصیحت کی۔ اس کے بعد بی ایس باٹنی کی طالبہ شازیہ رمضان نے سپاس نامہ پیش کیا۔ اس کے بعد مختصر محفلِ مشاعرہ منعقد کی گئی جس میں ناظم زرؔسنّر، فضا موسی، ڈاکٹر محمد عمران، ڈاکٹر نوید احمد عاجز اور جناب موج دین فریدی صاحب نے اپنا کلام پیش کیا اور ایسی خوبصورت محفل سجانے پر منتظمین کی حوصلہ افزائی کی۔ آخر میں تمام حاضرین کے لیے پر تکلف کھانے کا اہتمام کیا گیا۔ اس طرح یہ محفل قریبا دوپہر 12:30 بجے اپنے اختتام کو پہنچی۔
*منجانب*
ناظم زرؔسنّر
جنرل سیکرٹری ریختہ