
26/01/2025
★ بحرالکاہل میں لانینا کی صورتحال ابھرنے اور دنیا بھر میں موسم پر اثر انداز ہونے کے ساتھ، پاکستان کے کچھ حصے اس وقت گزشتہ چند سالوں کے بدترین خشک سالی کا سامنا کررہے ہیں خاص طور پر سیالکوٹ جو عام طور پر بارشوں کے لیے جانا جاتا ہے، گزشتہ تین ماہ سے کسی قابل ذکر بارش سے محروم ہے، جو کہ ایک انتہائی غیر معمولی بات ہے۔اسی طرح ملکہ کوہسار مری جو عموماً سردیوں کے دوران بھرپور برفباری دیکھتا ہے، اس موسم سرما میں اب تک کسی خاص برفباری سے محروم رہا ہے جو کہ ایک تشویشناک صورتحال ہے۔سندھ میں بھی موسم سرما کی بارشیں نہ ہونے کے برابر ہوئی ہیں جبکہ پنجاب کے بیشتر حصے بارشوں سے محروم ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ بلوچستان کے جنوبی اور مغربی علاقوں میں بارشیں بہت کم ہوئی ہیں۔
★ اگرچہ لانینا کے دوران سردیوں میں عام طور پر بارشیں معمول سے کم ہوتی ہیں لیکن موسمیاتی تبدیلی اور موسم کے بدلتے ہوئے رجحانات کے باعث اس سال متعدد علاقوں میں سردیوں کی بارشیں تقریباً مکمل طور پر غائب ہوچکی ہیں۔امید کرتے ہیں کہ فروری میں بہت ضروری بارشیں ہوں ورنہ صورتحال ابتر ہوسکتی ہے۔اگر لانینا گرمیوں تک برقرار رہتا ہے، تو ہمیں موسم بہار خاص طور پر مارچ میں جلد گرمی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے جبکہ موسم گرما میں معمول سے زیادہ گرمیاں بھی پڑسکتی ہیں۔
Mian Tanveer #سیالکوٹ