
01/09/2025
چپورسن گوجال | پھسو ٹائمز اردو | قربان رحیم |- چپورسن میں بی اینڈ آر ڈپارٹمنٹ ہنزہ اور ٹھیکیدار کی جانب سے چار پلوں کے منصوبے گزشتہ دو سال سے تاحال مکمل نہیں ہوسکے، جس کے باعث مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کرمن، کیل، ریشت اور اسپنج میں پلوں کا گرے اسٹرکچر مکمل کرنے کے بعد مزید کام روک دیا گیا۔ محکمے کی غفلت اور ٹھیکیدار کی صلاحیت کی کمی کی وجہ سے مقامی عوام کو ان نالوں کو پار کرنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں اور ان کی زندگیاں خطرے سے دوچار ہیں۔ موسمی طغیانی اور سیلابی ریلوں نے صورتحال کو مزید خطرناک بنا دیا ہے جس کے باعث عوام کی نقل و حرکت بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق منصوبہ بند ہونے کے بعد تاحال کوئی سرکاری افسر ان مقامات کا دورہ نہیں کر پایا، جبکہ ٹھیکیدار بھی تمام وسائل ہٹا چکا ہے۔
چپورسن کے رہائشیوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ان منصوبوں پر دوبارہ کام شروع کیا جائے اور متعلقہ محکمے کے افسران اور ٹھیکیدار کی غفلت و بدانتظامی پر باضابطہ انکوائری کی جائے تاکہ عوامی مفاد میں یہ اہم انفراسٹرکچر منصوبے مکمل ہوسکیں