09/02/2026
ضلع مہمند،
رحمت بابا پہاڑ لیز تنازعہ ٹھیکیدار کے خلاف رحمت کور مشران کی پریس کانفرنس، قومی اتفاق رائے تک کام بند کرانے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق ضلع مہمند تحصیل بائیزئی کے علاقے راحمت کور میٹئی درہ سے تعلق رکھنے والے مشران ملک حاجی حکیم،ملک اظغر خان،ملک سلیم خان ودیگر عمائدین نے پیر کے روز مہمند پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رحمت بابا پہاڑ پر قیام پاکستان سے پہلے قومی تنازعہ چلا آرہاہے۔ جس میں کئی قیمتی جانیں دشمنی کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں ۔مگر اس کے باوجود چوری چھپے مخصوص ٹھیکیدار کو معدنیات لیز دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مشران نے الزام لگایا کہ ٹھیکیدار نے 2021 میں اس وقت کے ڈی سی اور دیگر متعلقہ افسران سے ساز باز کرکے جعلی اجلاس عام کے ذریعے لیز دینے کی کوشش کی تھی۔ مگر میٹئی درہ موسیٰ خیل راحمت کور کے ہزاروں افراد نے موقعہ پر پہنچ کر اجلاس عام رکوایا۔ اس کے بعد قوم نے ہر موقعہ پر جعلی طریقے سے لیز رکوانے کے لئے آواز اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی سی مہمند اور دیگر متعلقہ افسران فوری طور پر قوم کی رضامندی کے بغیر پہاڑ پر جاری تمام کام اس وقت تک بند کرائے۔ جب تک رحمت کور کے مشران کا باہمی اتفاق رائے حاصل نہ ہو۔ موسی خیل راحمت کور کے مشران نے کہا کہ ہماری ملکیت جائیدادوں ، گھروں اور پہاڑی شاملات کو ہمیں اعتماد میں لئے بغیر کسی کو لیز پر دینے کی بھر پور مزاحمت کرینگے۔ اگر ساز باز کرکے لیز کرایا بھی تو قوم کی رضامندی کے بغیر ٹھیکیدار کو کام کرنے نہیں دیا جائیگا۔ ایسی صورتحال میں کشیدگی اور خون خرابہ ہوا تو ٹھیکیدار اور متعلقہ حکام ذمہ دار ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ہم قومی جرگہ اور رواج کے مطابق بھی حل کرنے کو تیار ہیں ۔ اگر پھر بھی ہمیں نظر انداز کیا گیا تو ہم ٹھیکدار اور ذمہ دار افسران کے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے۔