28/10/2025
بخدمت جناب
چیئرمین نادرا اسلام آباد
اور
ڈائریکٹر جنرل نادرا خیبرپختونخوا پشاور
موضوع: پشاور بڈھ بیر نادرا آفس میں ڈیوٹی کے دوران اہلکار کی غفلت، نالائقی اور عوامی پریشانی کے خلاف سخت کارروائی کی درخواست
محترم جناب عالی،
باادب گزارش ہے کہ میں پشاور کا ایک باشعور شہری ہونے کے ناطے آپ کی توجہ نادرا آفس بڈھ بیر پشاور کی نہایت پریشان کُن صورتحال کی طرف مبذول کرانا چاہتا ہوں۔ نادرا جیسا حساس قومی ادارہ جہاں عوام شناخت، ب فارم، کارڈز اور دیگر ضروری دستاویزات کے حصول کے لیے آتے ہیں، وہاں پر عوام کو مسلسل ذہنی اذیت اور بدترین مشکلات کا سامنا ہے۔
خصوصاً بڈھ بیر نادرا آفس میں ایک اہلکار کے انتہائی غیر ذمہ دارانہ رویے پر شدید افسوس ہوا۔ ڈیوٹی کے دوران جبکہ عوام کی طویل قطاریں لگی ہوئی تھیں، لوگ دھوپ اور پریشانی میں گھنٹوں کھڑے تھے، وہاں یہ اہلکار اپنے سرکاری فرائض کی انجام دہی کے بجائے موبائل فون پر گیم کھیلنے میں مصروف تھا۔ ایک سرکاری ملازم کا ایسی حساس جگہ پر اس طرح کی شرمناک غفلت کا مظاہرہ کرنا نہ صرف ادارہ جاتی نظم و ضبط کی خلاف ورزی ہے بلکہ عوام کی عزتِ نفس اور وقت کے ساتھ کھلا مذاق ہے۔ یہ صورتحال دیکھ کر بے اختیار یہ سوال جنم لیتا ہے کہ آخر ایسی عمر اور تجربے کے باوجود اس قسم کی غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے والا فرد کس طرح عوامی خدمت کے اہم منصب پر فائز ہے۔
محترم جناب! نادرا کا تعلق براہ راست ہر پاکستانی شہری کی شناخت اور بنیادی حقوق سے جڑا ہوا ہے۔ ایسے عمل نہ صرف ادارے کی ساکھ کو متاثر کرتے ہیں بلکہ عوام میں بداعتمادی اور غم و غصہ پیدا کرتے ہیں۔ اس لیے گزارش ہے کہ مذکورہ اہلکار کے خلاف فوری انضباطی کارروائی کی جائے، اس آفس کے نظم و نسق کی مکمل جانچ کی جائے، اور عوامی سروس کو بہتر بنانے کے لیے سخت مانیٹرنگ سسٹم نافذ کیا جائے تاکہ مستقبل میں کوئی بھی اہلکار ڈیوٹی کے دوران اپنی غفلت یا ذاتی مشاغل کی وجہ سے عوام کے حقوق پر ڈاکا نہ ڈال سکے۔
ہم امید رکھتے ہیں کہ آپ اس شکایت کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوری نوٹس لیں گے تاکہ نادرا جیسے معتبر ادارے کی ساکھ برقرار رہے اور عوام کو ان کے جائز حقوق باعزت اور بروقت مل سکیں۔
از طرف
ایک مخلص شہری
پشاور، خیبرپختونخواہ
Mashogagar News