23/10/2025
تعلیم کا نیا باب، عبدالصمد محسود کی تعیناتی
سنٹرل کرم طویل عرصے سے امن، ترقی اور تعلیم کی متلاشی رہی ہے۔ اس علاقے کے لوگ بارہا یہ خواہش کرتے رہے ہیں کہ ان کے بچوں کو بھی معیاری تعلیم کے وہی مواقع میسر آئیں جو ملک کے دیگر حصوں میں دستیاب ہیں۔ اسی پس منظر میں یہ خبر کہ ممتاز ماہرِ تعلیم عبدالصمد محسود کو گورنمنٹ ہائی اسکول مناتو میں تعینات کر دیا گیا ہے، عوام کے لیے نہایت مسرت اور اطمینان کا باعث ہے۔
یہ تعیناتی دراصل محکمہ تعلیم، سیکیورٹی ایجوکیشن، ڈائریکٹر ایجوکیشن فاٹا اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کرم کی مثبت سوچ اور عملی قدم کا نتیجہ ہے۔ کئی ماہ سے خالی اس عہدے پر ایک باصلاحیت اور تجربہ کار استاد کی تعیناتی اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ اب تعلیمی شعبے کو سنجیدگی سے مستحکم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
عبدالصمد محسود کا شمار ان اہلِ علم میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنی زندگی کو تعلیم کے فروغ کے لیے وقف کر رکھا ہے۔ ان کی تعلیمی قابلیت خود اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ ایک باصلاحیت اور ہمہ جہت استاد ہیں:
انہوں نے میٹرک گورنمنٹ ہائی اسکول کانیگرم، جنوبی وزیرستان اپر، ایف ایس سی کی تعلیم گورنمنٹ ڈگری کالج، ڈیرہ اسماعیل خان، بی ایس سی کی تعلیم گومل یونیورسٹی، ڈیرہ اسماعیل خان،یم اے کی تعلیم گومل یونیورسٹی، ڈیرہ اسماعیل خان، بی ایڈ گومل یونیورسٹی، ڈیرہ اسماعیل خان جبکہ ایم ایڈ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی، اسلام آباد سے حاصل کی ۔
یہ روشن علمی سفر اس بات کی دلیل ہے کہ عبدالصمد محسود نہ صرف علم کے طالب رہے ہیں بلکہ علم کو دوسروں تک پہنچانے کے لیے بھی پرعزم ہیں۔ ان کی تقرری سے توقع کی جا رہی ہے کہ گورنمنٹ ہائی اسکول مناتو کے طلبہ کو ایک بہتر اور پُراثر تعلیمی ماحول میسر آئے گا، جس سے نہ صرف معیارِ تعلیم میں بہتری آئے گی بلکہ مستقبل کے معماروں کی تربیت بھی بہترین انداز میں ہو سکے گی۔
آج جب ہمارا معاشرہ جہالت اور پسماندگی کے اندھیروں سے نکلنے کی جدوجہد میں ہے، تو ایسے اساتذہ کی موجودگی یقیناً روشنی کی ایک نئی کرن ہے۔ یہ تقرری صرف ایک فرد کا عہدہ سنبھالنا نہیں بلکہ پورے خطے کے لیے تعلیم کے نئے دور کا آغاز ہے ۔