04/05/2026
قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے صوبائی اسمبلی ممبران کی تنخواہوں اور مراعات میں بے جا اضافے کو عوام کے زخموں پر نمک پاشی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت نے پہلے ہی معاشی بحران، امن و امان کی ابتری اور انتظامی ناکامیوں کے ذریعے عوام کو مایوسی کے اندھیروں میں دھکیل دیا ہے اور اب یہ ظالمانہ اضافہ عوام دشمن پالیسیوں کا کھلا ثبوت ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے وطن کور پشاور میں پارٹی کی صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس پانچ نکاتی ایجنڈے پر مشتمل تھا جن میں پارٹی کے تنظیمی امور،آنے والے بلدیاتی انتخابات کیلئے تیاریاں،صوبے کی مجموعی مایوس کن سیاسی و معاشی صورتحال اورامن و امان جیسے نکات شامل تھیں۔اجلاس میں پارٹی کی صوبائی کابینہ کے تمام عہدیداران نے شرکت کرتے ہوئے ایجنڈے پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پارٹی کی مضبوطی، عوامی رابطہ مہم کو بہتر بنانے اور آنے والے بلدیاتی انتخابات کیلئے بھرپور تیاریوں کے حوالے سے اپنے مفید تجاویز پیش کیں۔ اجلاس نے صوبے کی بگڑتی ہوئی امن وامان کی صورتحال، خلیجی ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی مشکلات اور بلدیاتی انتخابات کے جلد از جلد منعقد کرانے کے حوالے سے متعدد قراردادیں بھی پیش کی۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ موجودہ صوبائی حکومت عوامی مسائل کے حل میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔سکندر شیرپاؤ نے صوبے کی بگڑتی ہوئی سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ ایک غیر اعلانیہ بحران میں داخل ہو چکا ہے جبکہ حکمران طبقہ قوم کو طفل تسلیاں دینے اور ڈرامہ بازیاں کرنے سے آگے بڑھنے کو تیار نہیں۔انہوں نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں کرپشن اپنے عروج پر ہے، مہنگائی تاریخی حدیں عبور کر چکی ہے اور عوام دو وقت کی روٹی کے لیے ترس رہے ہیں دوسری جانب جرائم اور دہشت گردی کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث شہری شدید خوف و ہراس کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی ناگفتہ بہ صورتحال حکومت کی بدترین ناکامی اور بے حسی کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف 13سال سے صوبے میں حکومت کر رہی ہے لیکن اس کی کارکردگی صفر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصا ف نے شروع دعووں سے کیاپھرعوام سے جھوٹے وعدے کیے اور اب ڈرامہ بازی کر رہی ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ تیل، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے گھریلو بجٹ تباہ کر دیے ہیں اورمہنگائی دوہرے ہندسے کو عبور کر چکی ہے جو کہ ایک سنگین معاشی بحران کی نشاندہی کرتا ہے۔ انہوں نے حکومت سے بلدیاتی انتخابات جلد از جلد منعقد کرنے کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ انتخابات کے ساتھ ساتھ منتخب عوامی نمائندوں کو اختیارات بھی دیے جائے۔انہوں نے کہا کہ حکمران عوام کے حقیقی مسائل کی طرف توجہ دے،ممبران اسمبلی کی تنخواہوں میں غیر ضروری اضافے کو فی الفور واپس لے اور کرپشن، مہنگائی اور بدامنی کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی عوام کے حقوق کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی اور اس جدوجہد میں کسی دباؤ کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔