04/04/2026
پیٹرولیم لیوی کیا ہے؟
دوستو! آپ نے آج کل خبروں میں اور سوشل میڈیا پر ایک لفظ "پٹرولیم لیوی" کے بارے میں بہت سنا ہوگا۔ چلیں آج اس کو تفصیل سے سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں۔
پٹرولیم لیوی کیا ہے ؟
پیٹرولیم لیوی ایک غیر واپس ہونے والا محصول (Non-refundable levy) ہے جو حکومت پاکستان پیٹرولیم مصنوعات (پٹرول، ڈیزل، مٹی کا تیل، طیارہ ایندھن وغیرہ) پر عائد کرتی ہے۔ یہ جنرل سیلز ٹیکس (GST) سے بالکل مختلف ہے۔
(جنرل سیلز ٹیکس (GST): ایک فیصد کی شرح سے لگنے والا ٹیکس ہے۔ یہ صوبائی حکومت کو جاتا ہے اور آئل مارکیٹنگ کمپنیاں اسے وصول کرتی ہیں۔ آج کل اس کی شرح 18فیصد ہے۔)
»»پیٹرولیم لیوی ایک مقررہ رقم فی لیٹر ہوتا ہے نا کہ کوئی خاص فیصد میں۔ اور اس کی یہ خاص رقم براہ راست وفاقی حکومت کو جاتی ہے۔
»»یہ ایکٹ 1961 کے آرڈیننس کے تحت لگائی جاتی ہے۔
»»اس کا براہِ راست اثر ہر اس چیز پر پڑتا ہے جو ٹرانسپورٹ یا مشینری پر چلتی ہے۔
یہ کیسے کام کرتی ہے؟
فرض کریں کہ حکومت نے فیصلہ کیا کہ پٹرول پر پیٹرولیم لیوی 60 روپے فی لیٹر ہوگی۔ تو جو آئل کمپنیاں ہوتی ہیں جو کہ پٹرول تیار یا درآمد کرتی ہے۔ جب وہ یہ پٹرول ڈیلرز کو فروخت کرتی ہے، تو وہ پہلے سے طے شدہ قیمت میں یہ 60 روپے فی لیٹر شامل کرتی ہے۔ اب یہ رقم آئل کمپنی سے براہ راست حکومت کے خزانے میں جمع کرائی جاتی ہے۔ جبکہ ڈیلر اور پمپ یہ اضافی بوجھ صارفین (آپ) کو منتقل کر دیتے ہیں۔
نتیجہ: جب آپ پٹرول ڈلواتے ہیں، تو آپ جو کل قیمت ادا کرتے ہیں، اس کا ایک حصہ صرف پیٹرولیم لیوی ہوتا ہے اور اس کا پٹرولیم کی بین الاقوامی قیمت سے کوئی لینا دینا نہیں ہوتا ہے چاہے بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمت گر جائے یا بڑھ جائے۔
حکومت یہ لیوی کیوں لگاتی ہے؟
حکومت کے پٹرولیم لیوی عائد کرنے کے کچھ اہم مقاصد ہوتے ہیں جیسے:
1. خالص محصول (Revenue Generation):
یہ حکومت کے لیے آمدنی کا سب سے بڑا، آسان اور مستحکم ذریعہ ہے کیونکہ اسے کچھ کمپنیوں سے ہی وصول کیا جاتا ہے۔ خاص طور پر جب پاکستان کو بجٹ خسارہ (Budget Deficit) پورا کرنا ہو یا آئی ایم ایف (IMF) کے شرائط پوری کرنی ہوں تو یہ سب سے آسان زریعہ آمدنی ہے۔ یاد رہے پاکستان میں اکثر پیٹرولیم لیوی سے اربوں روپے سالانہ جمع ہوتے ہیں۔
2. قیمتوں کو کنٹرول کرنا (Price Regulation):
بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمت کم ہو تو حکومت لیوی بڑھا کر قیمت کو مستحکم رکھ سکتی ہے (تاکہ صارفین کو فوری فائدہ نہ ہو اور حکومت محصول بچا سکے)۔ اس کے برعکس، اگر قیمت بہت بڑھ جائے تو حکومت لیوی کم کرکے صارفین کو ریلیف دے سکتی ہے۔ لیکن اکثر یہ دوسری صورت میں حکومت غفلت برتتی ہے کیونکہ اس سے حکومت کی آمدنی کم ہو جاتی ہے۔
3. وسائل کی منتقلی (Resource Transfer):
یہ لیوی صوبوں میں پیدا ہونے والے وسائل (تیل اور گیس) سے حاصل ہونے والی آمدنی کا ایک حصہ وفاقی حکومت کو منتقل کرنے کا بھی ایک طریقہ ہے
اہم باتیں جو آپ کو معلوم ہونا ضروری ہے:
»»قانونی حد:
پاکستان میں حکومت کی جانب سے پیٹرولیم لیوی کی زیادہ سے زیادہ حد مقرر ہے۔ مثلاً پٹرول پر زیادہ سے زیادہ 50 روپے فی لیٹر لیوی لگ سکتی ہے (قانون کے مطابق)۔ تاہم اکثر حکومتیں اس حد کو بڑھانے کے لیے قوانین میں ترامیم کرتی رہتی ہیں۔
»»صارف پر اثر:
یہ لیوی عوام پر براہِ راست بوجھ ڈالتی ہے کیونکہ اس سے اشیائے خور و نوش، ٹرانسپورٹ، اور مینوفیکچرنگ سبھی مہنگی ہو جاتی ہیں۔ اس لیے اس کو ہم چھپی ہوئی مہنگائی بھی کہ سکتے ہیں۔
»»آئی ایم ایف کا کردار:
اکثر جب پاکستان آئی ایم ایف سے قرض لیتا ہے، تو آئی ایم ایف شرط رکھتا ہے کہ حکومت پیٹرولیم لیوی بڑھا کر مزید محصول جمع کرے (بجٹ خسارہ کم کرنے کے لیے)۔
موجودہ پٹرولیم لیوی:
پچھلے دن جب حکومت پاکستان نے پٹرول کی قیمت 458 روپے کی تو اس وقت پٹرولیم لیوی 160 روپے تھی، اسے بعد میں گھٹا کر ابھی 80 روپے کردی، جب پٹرول کی قیمت 378 روپے ہیں۔