07/12/2025
باڑہ سب ڈویژنل ایجوکیشن آفس باڑہ کے زیراہتمام گورنمنٹ ہائی سکول عالم گودر میں سالانہ سپورٹس گالا و ادبیات 2025ء کی تقسیمِ انعامات کی رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی. جس میں سپورٹس اور ادبی مقابلوں میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء میں ٹرافیاں اور اعزازی شیلڈز تقسیم کی گئیں۔
تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر باڑہ طلحہ رفیق، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر خیبر مصری خان، وزیراعلیٰ فوکل پرسن زاہد اللہ ۔اختیار ولی، منتخب ویلج چیئرمینز، صدر باڑہ پریس کلب اور صحافی برادری کے نمائندگان، سیاسی و سماجی شخصیات، فلاحی تنظیموں کے عہدیداران، پرنسپلز، اساتذہ اور کثیر تعداد میں طلباء نے شرکت کی۔
مقررین نے خطاب کرتے ہوئے سپورٹس گالا اور ادبی سرگرمیوں کے انعقاد کو شاندار اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں بچوں کی ذہنی و جسمانی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر خیبر مصری خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ صوبائی حکومت خصوصاً وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی خصوصی دلچسپی کے باعث آئندہ تین ماہ میں تمام سرکاری سکولوں کو فرنیچر فراہم کیا جائے گا جبکہ اضافی کمروں کی تعمیر بھی جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اساتذہ کی کمی پوری کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور سکولوں میں تدریسی و ہم نصابی سرگرمیوں کا سلسلہ بھرپور انداز میں جاری ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر باڑہ طلحہ رفیق عالم نے کہا کہ توجہ کا مرکز ہمیشہ سکولوں میں پڑھنے والے بچے ہونے چاہئیں، کیونکہ اسی مٹی کے باصلاحیت نوجوان ملک و قوم کا نام روشن کر رہے ہیں۔
تقریب سے سلیم خان آفریدی صدر باڑہ پریس کلب، ویلج چیئرمین اختیار بادشاہ، زاہداللہ خان اور اورنگزیب آفریدی نے بھی خطاب کیا۔
اس موقع پر سب ڈویژنل ایجوکیشن آفیسر باڑہ ڈاکٹر شیرزمان آفریدی، اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سرکل ون حاجی خیر محمد آفریدی اور سرکل ٹو خان فراز آفریدی نے سپورٹس گالا و ادبیات 2025ء میں شریک سکولوں کی کارکردگی، طلباء کی شرکت اور مستقبل کے منصوبوں جن میں سمسٹر ون امتحانات، اسکول بیسڈ اسسمنٹ، ٹیلنٹ ٹیسٹ اور اساتذہ کی پیشہ ورانہ بہتری کے سیشنز شامل ہیں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
مقررین نے ہر طبقہ فکر کی سپورٹ کو سراہتے ہوئے کہا کہ ناقابلِ فراموش تعاون کی بدولت یہ گالا کامیابی سے منعقد ہوا۔
پروگرام کے اختتام پر شرکاء نے طلباء میں محکمۂ تعلیم خیبر کی جانب سے ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے۔