
05/04/2025
صبح بخیر مسلمانوں، شاباش مسلمانوں، اس طرح سوتے رہو
دنیا بھر میں ایک ایسی قوم ہے جو ہمیشہ کی طرح اپنے مسائل، درد اور المیوں کے بارے میں بات کرنے کے بجائے خواب غفلت میں غرق رہتی ہے۔ یہ قوم نہ صرف اپنے حقوق سے بے خبر ہے، بلکہ اس کو اپنے دشمنوں کے منصوبوں کا بھی کسی حد تک اندازہ نہیں۔ اور یہ قوم کوئی اور نہیں، بلکہ مسلمانوں کی وہ عظیم ملت ہے جو اپنے "عظیم" دینی عقائد کی بنیاد پر دنیا کی سب سے بڑی "بیدار" قوم ہونے کا دعویٰ کرتی ہے۔
ہمیں "صبح بخیر" کہنا ضروری ہے، کیونکہ اگر ہم جاگ جائیں تو شاید ہمیں کچھ دکھائی دے جائے۔ غزہ، شام، یمن، افغانستان اور دیگر اسلامی ممالک کی صورت حال پر نظر ڈالیں، تو ہمیں ایک ہی منظر نظر آتا ہے۔ مسلمان اپنے ہی خون میں رنگے ہوئے ہیں، اپنے ہی بھائیوں کی نسل کشی ہوتی دیکھ رہے ہیں، اور اس سب پر اُن کی آوازیں کہیں دب گئیں ہیں۔
کیا وجہ ہے کہ ہم سب ایک ہی مذہب کے پیروکار ہیں، ایک ہی کلمہ پڑھتے ہیں، مگر ہم نے ایک دوسرے کی مدد کرنا چھوڑ دی ہے؟ ہم اب تک انتظار کر رہے ہیں کہ شاید کوئی اور ہماری مدد کرے گا، لیکن جب تک ہم خود نہیں بیدار ہوں گے، کوئی اور ہماری مدد نہیں کرے گا۔