31/08/2026
گورنمنٹ بوائز مڈل اسکول یٹ روڑ کوئٹہ کے طلباء کا ریڈیو پاکستان کوئٹہ کا مطالعاتی دورہ
کوئٹہ: گورنمنٹ بوائز مڈل اسکول یٹ روڑ کوئٹہ کے طلباء نے آج ریڈیو پاکستان کوئٹہ کا مطالعاتی دورہ کیا۔ اس موقع پر اسٹیشن ڈائریکٹر ریڈیو پاکستان کوئٹہ محترمہ صدیقہ خان ملالئی اور انچارج ایف ایم 101 کوئٹہ راشد علی بلوچ نے طلباء کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں ریڈیو پاکستان کے تاریخی پس منظر، قومی خدمات، ادارہ جاتی کردار اور مختلف پروگراموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
دورے کے دوران طلباء کو ریڈیو اسٹیشن کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کرایا گیا، جہاں انہیں پروگراموں کی تیاری، ریکارڈنگ، نشریات اور دیگر فنی و انتظامی امور سے آگاہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ انہیں جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ریڈیو پاکستان کی ڈیجیٹل سرگرمیوں، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پروگراموں کی نشریات، پوڈکاسٹس اور قیمتی نشریاتی مواد پر مشتمل آرکائیوز کے بارے میں بھی تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔
اس موقع پر اسٹیشن ڈائریکٹر محترمہ صدیقہ خان ملالئی اور راشد علی نے طلباء سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ موجودہ دور میں ریڈیو ایک مؤثر، قابلِ اعتماد اور عوام دوست ذریعۂ ابلاغ ہے، جو معاشرے کے ہر طبقے کی معلوماتی، تعلیمی اور تفریحی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان بچوں، طلبہ، کسانوں، مزدوروں، کاروباری افراد اور دیگر طبقات کے لیے خصوصی پروگرام نشر کرتا ہے، جن کا مقصد عوام کو تعلیم، آگاہی، معلومات اور مثبت تفریح فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریڈیو پاکستان کوئٹہ بلوچستان کی مختلف زبانوں میں پروگرام نشر کرکے صوبے کی ثقافتی، لسانی اور سماجی روایات کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے گورنمنٹ بوائز مڈل اسکول یٹ روڑ کوئٹہ کی ذہانت، خوداعتمادی اور سیکھنے کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ بچے نہ صرف باصلاحیت ہیں بلکہ نئی معلومات اور تجربات حاصل کرنے میں بھی غیرمعمولی دلچسپی رکھتے ہیں، جو ان کے روشن مستقبل کی نوید ہے۔
اس موقع پر ریڈیو پاکستان کوئٹہ کے افسران و اہلکار جبکہ اسکول کے اساتذہ بھی طلباء کے ہمراہ موجود تھے۔ طلباء نے ریڈیو کے مختلف شعبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے اس مطالعاتی دورے کو انتہائی معلوماتی، مفید اور یادگار قرار دیا۔