21/09/2025
بلوچستان پیس فورم کے چیئرمین نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے لوگ اپنی سرزمین پر اختیار کیلئے تعلیم حاصل کریں، مادر وطن کو بحرانی کیفیت سے نکالنے کیلئے تعلیم یافتہ لوگ سیاسی عمل میں آگے آکر آئندہ کی حکمت عملی علم و حکمت اور سائنسی بنیادوں پر تشکیل دیں
یہ بات انہوں نے ہفتہ کو ڈائریکٹر کالجز اینڈ ہائیر ایجوکیشن پروفیسر محمد حسین بلوچ کو گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج سریاب روڈ کی لائبریری کیلئے کتابیں دینے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ علم و حکمت سے رشتہ جوڑنے والی قوموں کو نہ صرف اپنی آئندہ نسلوں کے امور پر اختیار حاصل ہوتا ہے بلکہ وہ آئندہ نسلوں کیلئے حکمت عملی و منصوبہ بندی بھی وضع کرتی ہیں،علم و کتاب سے رشتہ جوڑنے والی قومیں باقی قوموں پر حکومت کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو بحرانی کیفیت سے نکالنے میں صوبے کے لوگ اس وقت کامیاب ہوں گے جب سیاسی عمل میں تعلیم یافتہ لوگ آگے آکر آئندہ کی حکمت عملی علم، حکمت اور سائنسی بنیادوں پر تشکیل دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے بحران میں اضافہ ہورہا ہے اور اس سے نکلنے و ترقی یافتہ قوموں کی صفوں میں شامل ہونے کیلئے بلوچستان کے لوگوں کو چاہیے کہ وہ اپنا رشتہ دوبارہ کتاب کیساتھ جوڑیں تاکہ بحیثیت قوم ہم ان بحرانوں سے باہر نکلیں۔ انہوں نے طلباء و طالبات کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ تعلیم قومی وقار کیلئے جبکہ ڈگری ملازمت کیلئے حاصل کی جاتی ہے، بلوچستان کے لوگ اپنی سرزمین پر اختیار چاہتے ہیں تو علم حاصل کریں۔