
26/07/2025
پشین: پشتونخوا لائرز فورم ضلع پشین کا انتخابی اجلاس ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کمپلیکس کے بار روم میں سینئر وکیل عبدالمناف بادیزئی ایڈوکیٹ کی زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں پشتونخوا لائرز فورم کے صوبائی تنظیم کی ہدایت پر پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے ساتھ وابستہ وکلاء پر مشتمل پشتونخوا لائرز فورم ضلع پشین کے انتخابات منعقد ہوئے جس کے مطابق صدر عبدالمناف بادیزئی ایڈوکیٹ، جنرل سیکرٹری محمد ادریس کاکڑ ایڈوکیٹ، نائب صدر نقیب اللہ کاکڑ ایڈوکیٹ، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری ملک محمد اشرف ترین ایڈووکیٹ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری عبد القیوم درانی ایڈوکیٹ، اطلاعات سیکرٹری محمد وسیم ترین ایڈووکیٹ، ثقافت سیکرٹری عبدالجلیل کاکڑ ایڈوکیٹ اور آفس سیکرٹری نصیب اللہ کاکڑ ایڈوکیٹ منتخب ہوئے۔ اس موقع پر فرید اللہ خان ترین ایڈووکیٹ نے پشتونخوا لائرز فورم میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب صدر عبدالمناف بادیزئی ایڈوکیٹ نے تمام نومنتخب کابینہ کے اراکین پر زور دیا کہ وہ پارٹی پروگرام کو فروغ دینے اور آزاد عدلیہ کے قیام کیلئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائے۔ اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ آئندہ ہفتے تنظیم کی حلف برداری کا انعقاد کیا جائے گا جس میں پارٹی کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی رہنماء شرکت کریں گے۔