27/10/2025
پشتون تحفظ موومنٹ ایک پرامن اور جمہوری تحریک ہے اور انسانی حقوق، صنفی مساوات اور سماجی انصاف پر مکمل یقین رکھتی ہے۔ ہم زندگی کے ہر پہلو میں خواتین کے مساوی حقوق، اور مواقع کی حمایت کرتے ہیں، چاہے وہ تعلیم ہو، روزگار، سیاست، معیشت ہو، یا عوامی سرگرمیاں اور سیاسی سرگرمیاں ہوں۔
پشتون تحفظ موومنٹ کے نزدیک کسی بھی معاشرے کی ترقی، استحکام اور وقار اس وقت ممکن ہوتا ہے جب خواتین کو برابری کی بنیاد پر وقار، تحفظ اور شرکت کے مواقع حاصل ہوں۔ پشتون خواتین پشتون قومی تحریک پشتون تحفظ موومنٹ میں نا صرف فعال کردار ادا کر رہی ہیں بلکہ تحریک کی مرکزی کور کمیٹی سمیت تحریک کے عہدوں پر فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔ پشتون قبائلی علاقوں میں پی ٹی ایم واحدتحریک ہے، جس نے خواتین کو عوامی اجتماعات کا حصہ بنایا ہے، بلکہ ہشتون قبائلی علاقوں میں خواتین جلسوں , جلوس میں بھی نمائندگی کرتی رہی ہیں۔
عورت کے سوال پر پی ٹی ایم کو ٹارگٹ کرنے والوں اور سیاسی پوائنٹ سکورنگ کرنے والوں کو ہم واضح پیغام دیتے ہیں، کہ ہمارا سیاسی اور تنظیمی موقف واضح ہے۔ پی ٹی ایم ہر اُس سوچ، سیاسی و ثقافتی موقف کو مسترد کرتی ہے جو خواتین پر جاری صنفی و قومی جبر، ظلم، تشدد، امتیاز، اور استحصال پر مبنی ہو۔
ہم پشتون سماج کی ارتقا، ثقافت، معیشت، سیاست و مزاحمت، علم و دانش، ادب اور آرٹ، اور زندگی کے ہر شعبے میں خواتین کے صرف تاریخی حصے کو تسلیم کرتے ہیں۔ بلکہ ہم سمجھتے ہیں کی اکیسویں صدی میں اب عورت کی آواز دبائی نہیں جا سکتی ،وہ سیاست، تعلیم، وکالت، صحافت اور سماجی خدمت کے ہر میدان میں اپنی موجودگی درج کروا چکی ہیں۔ یہی وہ سمت ہے جو ایک باشعور، انصاف پسند اور ترقی یافتہ معاشرے کی نشاندہی کرتی ہے۔
پشتون تحفظ موومنٹ ایک بار پھر واضح کرتی ہے کہ پی ٹی ایم کا کسی مقامی جرگے کے عورت مخالف فیصلے، یا بیانات سے کوئی تعلق نہیں۔ پی ٹی ایم کا مؤقف ہمیشہ اُصولی، انسانی بنیادوں پر رہا ہے۔ ہم اپنے وطن میں اپنے قوم کے ہر فرد کے لئے، مساوات، تعلیم اور انصاف کو فروغ دینا چاہتے ہیں، اور یہ اسی وقت ممکن ہے جب خواتین کو برابری کی بنیاد پر وقار اور مواقع حاصل ہوں۔ پشتون عورت اس قوم کی تاریخ، حال اور مستقبل کا حصہ ہے ، اور
یہی پیغام پی ٹی ایم آج بھی دوہرا رہی ہے۔
مرکزی اطلاعات پشتون
تحفظ موومنٹ
PTM NEWS.