28/09/2026
پانچویں آل بلوچستان انٹر سکول گرلز بیڈمنٹن چیمپئن شپ کامیابی سے اختتام پذیر
کوئٹہ: (ارباز خان)بلوچستان اسٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پانچویں آل بلوچستان انٹر سکول گرلز بیڈمنٹن چیمپئن شپ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی۔
چیمپئن شپ کی مہمان خصوصی میڈم شاہدہ پرنسپل گورنمنٹ گرلز ھائی سکول کوئٹہ کینٹ تھیں، جبکہ ان کے ہمراہ ڈائریکٹر پاکستان اسپورٹس بورڈ عمران یوسف، صدر بلوچستان اسٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن مس اختر اور دیگر معزز مہمان شریک تھے۔
ایونٹ کا فائنل گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ہزارہ ٹاؤن اور گورنمنٹ ہائی سکول جناح ٹاؤن کے درمیان کھیلا گیا، جس میں کانٹے دار مقابلے کے بعد گورنمنٹ ہائی سکول جناح ٹاؤن نے کامیابی حاصل کر کے چیمپئن شپ اپنے نام کر لی، جبکہ گورنمنٹ ہائی سکول ہزارہ ٹاؤن رنر اپ رہی۔
چیمپئن شپ میں کوئٹہ کے مختلف 12 سکولوں کی ٹیموں نے حصہ لیا اور بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر مہمان خصوصی میڈم شاہدہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "بیٹیوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں آگے لانا وقت کی اہم ضرورت ہے، اس طرح کے ایونٹس سے بچیوں میں خود اعتمادی پیدا ہوتی ہے۔ میں بلوچستان اسٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن کی کاوشوں کو سراہتی ہوں۔"
ڈائریکٹر پاکستان اسپورٹس بورڈ عمران یوسف نے کہا کہ "بلوچستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، خاص طور پر ہماری بچیوں میں۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ اسکول لیول پر ایسے ٹورنامنٹس کی بھرپور سرپرستی جاری رکھے گا تاکہ یہ بچیاں کل قومی ٹیم کا حصہ بنیں۔"
فائنل جیتنے والی ٹیم کی تہمینہ نے کہا کہ "ہم بہت خوش ہیں، ہم نے بہت محنت کی تھی، اپنی پرنسپل اور کوچ کی شکر گزار ہیں۔" جبکہ ہزارہ ٹاؤن کی کھلاڑی مدیحہ نے کہا کہ "ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، ہمیں اس ٹورنامنٹ سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔"
تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر پاکستان اسپورٹس بورڈ عمران یوسف اور صدر بلوچستان اسٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن مس اختر نے مہمان خصوصی میڈم شاہدہ کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔