07/06/2026
کوئٹہ: صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ سے متعلق سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی معلومات بے بنیاد ہیں، وہ ڈاکٹر ماہ نور ناصر واقعے کی مسلسل نگرانی بھی کررہے ہیں۔ ترجمان
کوئٹہ: صوبائی وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ کے ترجمان نے سوشل میڈیا پر وزیر صحت سے متعلق گردش کرنے والی بعض خبروں اور تبصروں کو گمراہ کن، بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین دانستہ طور پر عوام کو غلط معلومات فراہم کر رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے اپنے گھٹنے کی سرجری کوئٹہ کے سول اسپتال میں ڈاکٹر اسد کی زیر نگرانی کروائی تھی، جہاں ان کا کامیاب علاج کیا گیا۔ بعد ازاں ڈاکٹروں کی ہدایات کے مطابق آرام اور مزید طبی مشاورت کے سلسلے میں اسلام آباد جانے کو بعض عناصر نے غلط رنگ دے کر یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ وزیر صحت نے اپنا علاج اسلام آباد میں کروایا، جو کہ سراسر غلط اور حقائق کے برعکس ہے۔
ترجمان نے کہا کہ صوبائی وزیر صحت بلوچستان سرکاری اسپتالوں کی کارکردگی، طبی سہولیات کی بہتری اور عوام کو معیاری علاج کی فراہمی کے لیے مسلسل کوشاں ہیں اور محکمہ صحت کے تمام امور کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ڈاکٹر ماہ نور ناصر پر تیزاب پھینکنے کے افسوسناک واقعے کے بعد وزیر صحت بخت محمد کاکڑ مسلسل محکمہ صحت کے افسران، متاثرہ ڈاکٹر کے اہل خانہ اور متعلقہ حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کی خصوصی ہدایات پر ڈاکٹر ماہ نور ناصر کو مزید بہتر اور خصوصی علاج کی فراہمی کے لیے ایئر ایمبولینس کے ذریعے کراچی منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
ترجمان نے کہا کہ وزیر صحت بلوچستان ڈاکٹر ماہ نور ناصر کے علاج سمیت محکمہ صحت سے متعلق تمام اہم معاملات کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں اور عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر مصدقہ سوشل میڈیا پرو پیگنڈے پر توجہ نہ دیں اور مستند ذرائع سے فراہم کردہ معلومات پر اعتماد کریں۔