11/05/2026
کراچی لیاری سے پشین کے دو نوجوان بھائی مبینہ طور پر لاپتہ
ضلع پشین کے علاقے کلی تراٹہ سے تعلق رکھنے والے دو بھائی روح اللہ اور عزت اللہ ولد عبدالستار شیرانی گزشتہ کئی دنوں سے لاپتہ ہیں جس پر اہل خانہ شدید پریشانی اور اضطراب کا شکار ہیں۔
اہل خانہ کے مطابق 30 اپریل کی رات کراچی کے علاقے ارب گوٹ لیاری میں سول کپڑوں میں ملبوس مسلح افراد دونوں بھائیوں کو اپنے ساتھ لے گئے جس کے بعد سے اُن کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
ورثاء کا کہنا ہے کہ اگر دونوں بھائیوں پر کسی قسم کا کوئی الزام یا مقدمہ موجود ہے تو متعلقہ ادارے اہل خانہ کو آگاہ کریں اور انہیں قانون کے مطابق عدالت کے سامنے پیش کیا جائے۔
اہل خانہ نے انسانی حقوق کی تنظیموں اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ دونوں بھائیوں کی بازیابی کو یقینی بنایا جائے اور اُن کے اہل خانہ کی بے چینی کا خاتمہ کیا جائے۔