10/08/2026
#تربت ( #گدروشیاپوائنٹ) رند ہاؤس تربت میں پارلیمانی سیکرٹری برائے انرجی میر اصغر علی رند سے آج مسلسل تیسرے روز بھی مختلف سیاسی و سماجی شخصیات، علاقہ مکینوں اور نمائندہ وفود کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہا۔ ملاقاتوں کے دوران علاقے میں جاری اور درپیش ترقیاتی مسائل سمیت بجلی، سڑکوں، اسکولوں، اسپتالوں، واٹر سپلائی اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر مختلف وفود اور علاقہ مکینوں نے علاقے میں ترجیحی بنیادوں پر ترقیاتی کاموں کے آغاز اور عوامی مسائل کے حل کے لیے کی جانے والی کوششوں پر میر اصغر علی رند کا شکریہ ادا کیا۔ وفود نے امید ظاہر کی کہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے جاری اقدامات کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا اور علاقے کے دیگر دیرینہ مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ میر اصغر علی رند نے وفود کے مسائل اور تجاویز کو توجہ سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ عوامی مسائل کا حل ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ موجودہ دورِ حکومت میں علاقے کے زیادہ سے زیادہ بنیادی مسائل حل کیے جائیں اور عوام کو ان کی دہلیز پر ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔ میر اصغر رند نے مزید کہا کہ ٹمْپ کو ضلع کا درجہ ملنے کے بعد مختلف سرکاری محکموں کو فعال بنانا بھی ضروری ہے تاکہ وہ مؤثر انداز میں اپنا کردار ادا کریں اور ٹمْپ کے عوام کو تعلیم، صحت، بجلی، پانی، سڑکوں اور دیگر بنیادی سہولیات اپنے ہی علاقے میں میسر آسکیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل اور علاقے کی مجموعی ترقی کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔