
17/08/2025
*کچے کے قبائلی عمائدین کا بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگوانے میں تعاون کی یقین دہانیاں*
*انسداد پولیو مہم ستمبر: ضلعی انتظامیہ اور کمیونیکیشن ٹیم کی کچے کے علاقوں میں سرگرمیاں*
*سون میانی و شاہوالی بارڈر ایریا میں آگاہی سیشن، قبائلی نمائندوں کی بھرپور شرکت*
*کچا کے عوام نے آئندہ مہم میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرا دی*
*راجن پور( عاشق بخاری ) بچوں کو عمر بھر کی بیماریوں سے بچانے کے لیے حفاظتی ٹیکے اور پولیو کے قطرے لگوانا والدین کی اولین ذمہ داری ہے۔ یہ بات مقررین نے سون میانی کے دور دراز کچے کے علاقے میں قبائلی عمائدین کے آگاہی و تربیتی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انسداد پولیو کی مہم برائے ستمبر، ڈپٹی کمشنر راجن پور شفقت اللہ مشتاق کی ہدایات پر شروع کی گئی جس کے تحت سفیر امن قاری محمد قاسمی اور محمد ساجد ہیلتھ کمیونیکیشن افیسر نے شاہوالی اور سون میانی بارڈر ایریا کا دورہ کیا۔ اس دوران عمرانی، لٹانی، بنگیانی، لنڈ اور پٹ قبائل کے نمائندوں کے ساتھ خصوصی آگاہی سیشن منعقد کیا گیا جس کا مقصد دریائی علاقے کے رہائشی قبائل میں پولیو اور دیگر حفاظتی ٹیکوں کی افادیت اجاگر کرنا تھا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر پریونٹو سروسز ڈاکٹر غلام مرتضیٰ کرمانی، تحصیل فوکل پرسن جاوید اقبال، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور مقامی کاروباری حضرات نے بھی شرکت کی۔کچا کے قبائلی عمائدین اور مقامی افراد نے انسداد پولیو مہم میں محکمہ صحت کی ٹیموں سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ بچوں کو بیماریوں سے محفوظ بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے* ۔