18/07/2026
راولپنڈی
ایس ایچ او تھانہ دھمیال انسپکٹر عاقب کا قبضہ مافیا کے خلاف دوٹوک مؤقف، قانون سے کھیلنے والوں کو واضح پیغام
راولپنڈی کے تھانہ دھمیال کی حدود میں مبینہ قبضے کے تنازع پر نئے تعینات ہونے والے ایس ایچ او تھانہ دھمیال انسپکٹر عاقب نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ تھانے کی حدود میں قانون کی حکمرانی قائم رہے گی اور کسی بھی قبضہ گروپ یا بااثر شخص کو شہریوں کے حقوق سلب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق مسلم خان نامی شہری نے سردار سجاد پر مبینہ قبضے کا الزام عائد کیا، جس پر دونوں فریقین کو تھانہ دھمیال طلب کیا گیا۔ دورانِ تفتیش مبینہ طور پر سردار سجاد نے مسلم خان کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں، جس پر ایس ایچ او انسپکٹر عاقب نے فوری نوٹس لیتے ہوئے سخت کارروائی کی اور متعلقہ شخص کو حوالات میں بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔ بعد ازاں معذرت اور آئندہ قانون کی پاسداری کی یقین دہانی پر اسے رہا کیا گیا۔
ایس ایچ او انسپکٹر عاقب نے دونوں فریقین کا مؤقف تفصیل سے سنا اور شفاف انکوائری کے لیے انہیں اگلے روز اے ایس پی آفس میں پیش ہونے کی ہدایت کی تاکہ تمام حقائق کی روشنی میں میرٹ پر فیصلہ کیا جا سکے۔
اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ دھمیال انسپکٹر عاقب نے کہا کہ "قبضہ مافیا اپنا قبلہ درست کر لے، اب کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے یا کسی غریب شہری کی زمین پر ناجائز قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اگر کسی نے قبضے، دھونس، دھمکی یا اثر و رسوخ کے ذریعے کسی شہری کو ہراساں کرنے کی کوشش کی تو اس کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔"
علاقہ مکینوں نے ایس ایچ او انسپکٹر عاقب کے جرأت مندانہ مؤقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ قبضہ گروہوں کی سرپرستی اور دھونس کا دور ختم ہونا چاہیے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ قبضہ مافیا معاشرے کا ناسور ہے جو طاقت اور اثر و رسوخ کے بل بوتے پر لوگوں کی املاک پر نظریں جمائے رکھتا ہے، تاہم قانون کی سخت گرفت ہی ایسے عناصر کا مؤثر علاج ہے۔
دوسری جانب مسلم خان نے سی پی او راولپنڈی اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے انصاف کی فراہمی اور معاملے کا نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ قبضہ مافیا کے خلاف سخت کارروائی وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ عام شہری خود کو محفوظ محسوس کر سکیں۔
شہری حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ تھانہ دھمیال میں ایس ایچ او انسپکٹر عاقب کی سربراہی میں بلاامتیاز قانونی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور قبضہ مافیا سمیت ہر قانون شکن عنصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے