07/06/2026
سورۃ کہف پر تدبر ،آیت 25
وقت کی مہر اور رب کی نشانی
#مقیتہ وسیم
ہر جمعہ کی طرح اس جمعہ بھی سورۃ کہف پر تدبر
وَلَبِثُوا فِي كَهْفِهِمْ ثَلَاثَ مِائَةٍ سِنِينَ وَازْدَادُوا تِسْعًا ﴿25﴾
ترجمہ:
اور وہ (اصحابِ کہف) اپنے غار میں تین سو سال اور مزید نو سال (سوتے) رہے۔
وقت انسان کے لیے ایک راز ہے، مگر اللہ کے لیے ایک مخلوق۔ ہم گھڑیوں سے وقت ناپتے ہیں، اللہ اپنی مشیت سے۔
اصحابِ کہف کی کہانی صرف چند نوجوانوں کی داستان نہیں، بلکہ وقت پر اللہ کی حاکمیت کا اعلان ہے۔ تین سو نو سال تک ایک جسم سلامت رہے، سانسوں کا نظام قائم رہے، پھر ایک دن آنکھ کھلے اور دنیا بدل چکی ہو۔ یہ واقعہ انسان کو بتاتا ہے کہ وقت کا قانون بھی اسی کے تابع ہے جس نے وقت کو پیدا کیا۔
غور کیجیے...
جب اللہ کسی وجود کو دنیا میں بھیجنا چاہتا ہے تو ماں کے رحم کی تاریکیوں میں نو ماہ تک اس کی تخلیق فرماتا ہے۔ اور جب اللہ اپنے چند برگزیدہ بندوں کو ایک دور سے دوسرے دور تک پہنچانا چاہتا ہے تو انہیں غار کی تاریکی میں تین سو نو سال تک محفوظ رکھتا ہے۔
رحم ہو یا غار...
دونوں جگہوں پر کام ایک ہی ذات کر رہی ہے۔
ایک جگہ تخلیق ہو رہی ہے، دوسری جگہ حفاظت۔
ایک جگہ زندگی کا آغاز ہے، دوسری جگہ ایمان کا تسلسل۔
اصحابِ کہف کی نیند ہمیں یہ بھی سکھاتی ہے کہ بعض اوقات اللہ اپنے بندوں کے لیے وہ راستے کھولتا ہے جو انسانی عقل کے دائرے سے باہر ہوتے ہیں۔ جب زمین تنگ ہو جائے، دروازے بند ہو جائیں اور حق پر قائم رہنا مشکل ہو جائے تو اللہ اپنے بندوں کے لیے غاروں میں بھی رحمت کے دروازے کھول دیتا ہے۔
یہ آیت صبر کرنے والوں کے لیے خوشخبری ہے۔
اگر تم حق پر قائم رہو تو ضروری نہیں کہ اللہ فوراً حالات بدل دے، کبھی وہ تمہیں محفوظ رکھتا ہے، پھر وقت آنے پر حالات بدل دیتا ہے۔
انسان جلدی میں ہوتا ہے، مگر اللہ کا نظام جلدی میں نہیں ہوتا۔
وہ صدیوں کا کام بھی خاموشی سے کرتا ہے اور پھر ایک لمحے میں اپنے وعدے پورے کر دیتا ہے۔
اس لیے اگر آج زندگی میں انتظار ہے، آزمائش ہے، تنہائی ہے یا لوگوں کی غلط فہمیاں ہیں تو مایوس نہ ہو۔
جس رب نے غار میں سوتے ہوئے نوجوانوں کو تین سو نو سال تک سنبھال لیا، وہ تمہارے معاملات کو بھی تمہاری سوچ سے بہتر سنبھال سکتا ہے۔
وقت گزر رہا ہے...
مگر اللہ کی تدبیر بھی ساتھ ساتھ چل رہی ہے۔
بندہ حالات دیکھتا ہے، اللہ انجام دیکھتا ہے۔
بندہ دن گنتا ہے، اللہ زمانے بدل دیتا ہے۔
✍️ #مقیتہ وسیم