
26/10/2022
سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کی درخواست پر رواں برس اپریل میں مسجدِ نبوی میں نعرے بازی کر کے مقاماتِ مقدسہ کی حرمت پامال کرنے والے پاکستانیوں کی سزا معاف کر کے انھیں رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔
یہ واقعہ وزیر اعظم شہباز شریف کے گذشتہ دورۂ سعودی عرب کے دوران پیش آیا تھا جب ان کے وفد کے دو ارکان وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور وزیر برائے نارکوٹکس شاہ زین بگٹی کی مسجد نبوی میں حاضری کے دوران مبینہ طور پر تحریک انصاف کے حامیوں نے نعرے بازی کی تھی جس کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔
اس واقعے کی ملکی و غیر ملکی سطح پر مذمت کی گئی تھی اور تحریک انصاف کے کئی رہنماؤں نے اس احتجاج سے لاتعلقی ظاہر کی تھی۔
اس نعرے بازی کے بعد سعودی حکام نے سات پاکستانیوں کو گرفتار کیا تھا اور مدینہ منورہ کی عدالت نے ان میں سے تین کو آٹھ سال، تین کو چھ سال جبکہ ایک شخص کو تین سال قید اور دس ہزار ریال جرمانے کی سزا سنائی تھی۔