11/11/2025
اسلام آباد:ضلع کچہری کے باہر پولیس وین کے قریب خودکش دھماکہ، 9 افراد شہید، 25 سے زائد زخمی
اسلام آباد:وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے جی الیون کچہری کے باہر منگل کی دوپہر ایک زور دار خودکش دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 9 افراد شہید اور25 سے زائد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں عام شہریوں کے ساتھ پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
ابتدائی رپورٹوں کے مطابق دھماکہ کچہری کے مرکزی دروازے کے قریب ہوا جہاں بڑی تعداد میں وکلا، مقدمات کے فریقین اور راہگیر موجود تھے۔ دھماکے کے فوری بعد ریسکیو ٹیمیں، پولیس اور سکیورٹی ادارے موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکہ خودکش نوعیت کا تھا، اور بمبار کا سر جائے وقوعہ سے برآمد کر لیا گیا ہے۔ شواہد اکھٹے کرنے کے بعد بم ڈسپوزل سکواڈ نے تصدیق کی کہ حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑایا۔
تحقیقات سے وابستہ ذرائع کے مطابق ابتدائی شواہد اور انٹیلی جنس رپورٹس سے پتہ چلتا ہے کہ یہ کارروائی بھارتی خفیہ ایجنسی کی پشت پناہی میں سرگرم افغان طالبان کی پراکسی تنظیم “فتنہ الخوارج” نے کی۔ اس تنظیم کے حالیہ مہینوں میں شمالی وزیرستان اور بنوں میں بھی حملوں میں ملوث ہونے کے شواہد ملے تھے۔
ذرائع کے مطابق، دھماکے کا ہدف ممکنہ طور پرقانون نافذ کرنے والے اداروں کا عملہ یا عدالتی عمل تھا تاکہ ملک میں عدم استحکام اور خوف و ہراس کی فضا پیداکی جا سکے۔دھماکے کے بعد وزیرِ داخلہ نے تمام حساس تنصیبات اور عدالتوں کے اطراف سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی ہے۔ زخمیوں کو پمز اور پولی کلینک ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں متعدد کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔