
19/09/2025
آزاد کشمیر میں 31 ڈاکٹرز کی ایڈہاک تقرریاں، اوپن میرٹ کا ایک بار پھر قتل ،
آزاد جموں و کشمیر میں ڈاکٹرز کی 31 ایڈہاک تقرریوں کا اوپن میرٹ راؤنڈ مکمل ہو گیا، مگر انتخابی نتائج نے سیاسی وابستگیوں کے اثرات پر سوال اٹھا دیے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم چوہدری انوار الحق اور وزیر داخلہ کرنل (ر) وقار نور کے ضلع بھمبر سے سب سے زیادہ، یعنی 9 امیدوار چنے گئے۔ وزیر صحت نثار عنصر کے ضلع کوٹلی سے 8 ڈاکٹرز کا انتخاب ہوا، جن میں اکثریت اسی حلقے سے تعلق رکھتی ہے۔ شاہ غلام قادر کے حلقہ نیلم سے 4 ڈاکٹروں کو موقع ملا، جبکہ مظفرآباد سے صرف ایک امیدوار کامیاب ہو سکا اور ضلع پونچھ سے کوئی نام سامنے نہیں آیا۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ شاید حسن ابراہیم، سردار یعقوب، عامر الطاف، عبدالقیوم نیازی اور شاہدہ صغیر جیسے رہنماؤں کی سفارشات شامل نہ ہونے سے ان کے علاقوں کو خاطر خواہ نمائندگی نہیں ملی۔ یہ تقرریاں محکمہ صحت کی سلیکشن کمیٹی نے انٹرویوز کے بعد حتمی کیں۔
یاد رہے کہ کچھ عرصہ پہلے ہائی کورٹ نے آزاد کشمیر میں تمام سرکاری بھرتیاں اور داخلے اوپن میرٹ پر کرنے کا فیصلہ دیا تھا۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ ان آسامیوں کے لیے اشتہار عدالتی فیصلے سے قبل جاری ہوا تھا، جس کے مطابق بھمبر کے لیے 3، کوٹلی کے لیے 4 اور مظفرآباد و پونچھ کے لیے 3،3 نشستیں مختص تھیں۔