
11/08/2025
بیرزوز کرکٹ گراؤنڈ
تحریر ؛ واجد علی شاہ
شاید ہی چترال میں اس سے زیادہ خوبصورت کوئی اور گراؤنڈ ہو۔ برسوں پہلے بیرزوز کے باہمت نوجوانوں نے اپنی محنت اور لگن سے اس گراؤنڈ کو تیار کیا تھا تاکہ علاقے کے لوگ کھیلوں اور صحت مند سرگرمیوں سے لطف اندوز ہو سکیں۔ کچھ عرصے بعد سرکاری تعاون سے اس کی مرمت اور بہتری کا کام بھی کیا گیا، اور پھر اس کے لیے 80 لاکھ روپے کا ایک فنڈ مختص ہوا۔ مگر افسوس کہ علاقے اور نوجوانوں کی بدقسمتی سے وہ فنڈ نہ جانے کہاں غائب ہوگیا، اور اس کے ثمرات عوام تک نہ پہنچ سکے۔
یہ گراؤنڈ اپر چترال کے سب سے خوبصورت اور مقبول تفریحی مقامات میں سے ایک ہے، جہاں کرکٹ، فٹبال، والی بال اور دیگر کھیل کھیلے جاتے ہیں۔ یہاں نہ صرف مقامی کھلاڑی بلکہ آس پاس کے علاقوں سے آنے والے لوگ بھی کھیلنے اور وقت گزارنے آتے ہیں۔ اس کا پرسکون ماحول اور قدرتی خوبصورتی اسے ایک منفرد مقام بناتے ہیں۔ لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ یہ قیمتی گراؤنڈ آہستہ آہستہ دریا برد ہو رہا ہے، اور اس کی حفاظت کے لیے کوئی عملی اقدام نظر نہیں آتا۔
اگر وقت رہتے اس گراؤنڈ کی حفاظت اور بحالی کے لیے اقدامات کیے جائیں تو یہ نہ صرف علاقے کا سب سے بہترین کھیلوں کا مرکز بن سکتا ہے بلکہ مستقبل میں ایک شاندار اسٹیڈیم کی شکل بھی اختیار کر سکتا ہے۔ اس سے نہ صرف نوجوانوں کو کھیلوں کے مواقع ملیں گے بلکہ علاقے میں صحت مند سرگرمیوں، سیاحت اور مثبت تشہیر کو بھی فروغ ملے گا۔ لیکن اگر اس وقت بھی ہم خاموش رہے اور اس معاملے کو نظر انداز کیا گیا تو بہت جلد ہم ایک اور قیمتی گراؤنڈ اور یادگار مقام سے ہمیشہ کے لیے محروم ہو جائیں گے، جو آنے والی نسلوں کے لیے ایک افسوسناک مثال بن جائے گا۔