14/09/2026
رسالپور (رپورٹ/اختر محمود ) رسالپور پولیس نے تین ماہ قبل گھر سے لاپتہ ہونے والی خاتون کو مسلسل تفتیش اور جدید حکمتِ عملی کے تحت کارروائی کرتے ہوئے اسلام آباد سے بازیاب کرلیا، جسے بعد ازاں دارالامان مردان منتقل کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق رسالپور بارہ بانڈہ کے رہائشی کریم اللہ ولد حمیداللہ نے پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ اس کی بہو مسماۃ نفیسہ زوجہ عنایت اللہ 20 جون کو گھر سے خود نکلنے کے بعد لاپتہ ہوگئی تھی۔مدعی کے مطابق اس سے قبل بھی تقریباً ایک سال پہلے مذکورہ خاتون گھر سے چلی گئی تھی جو 3 سے 4 روز بعد خود واپس آگئی تھی۔جبکہ میرا بیٹا محنت مزدوری کے سلسلے میں بیرون ملک مقیم ہے ۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر رسالپور پولیس نے روزنامچے میں رپورٹ درج کرکے باقاعدہ انکوائری شروع کردی۔ انکوائری مکمل ہونے کے بعد نامعلوم افراد کے خلاف دفعہ 365 ت پ کے تحت مقدمہ درج کرکے خاتون کی بازیابی کے لیے تفتیش کا دائرہ وسیع کردیا گیا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نوشہرہ سونیا شمروز خان کی خصوصی ہدایت پر ایس ڈی پی او رسالپور حفیظ خان یوسفزئی کی نگرانی میں ایس ایچ او رسالپور سب انسپکٹر ہدایت شاہ، تفتیشی افسر اے ایس آئی منظور خان اور اے ایس آئی ساجد خان پر مشتمل خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی گئی، جسے لاپتہ خاتون کی جلد از جلد بازیابی کے لیے سخت احکامات جاری کیے گئے۔پولیس ٹیم نے مسلسل محنت، پیشہ ورانہ تفتیش اور مختلف مقامات پر تلاش کے بعد بالآخر مسماۃ نفیسہ زوجہ عنایت اللہ کو اسلام آباد سے بحفاظت بازیاب کرلیا۔ پولیس نے قانونی تقاضے مکمل کرنے کے بعد خاتون کو دارالامان مردان منتقل کردیا۔پولیس حکام کے مطابق خاتون کی بازیابی کے حوالے سے مزید قانونی کارروائی اور تفتیش جاری ہے۔