01/08/2025
اہم اطلاع, ہوشیار و خبردار
سکھر میں نیشنل بینک شالیمار والی (میونسپل برانچ) کی اے ٹی ایم مشین سے فراڈ کا انکشاف — پرانا سکھر کے رہائشی نوجوان سے 27,500 روپے کی رقم غائب!
یکم اگست 2025 کو متاثرہ نوجوان نے نیشنل بینک کی مذکورہ برانچ کے اے ٹی ایم سے 45,000 روپے نکالنے کی کوشش کی، مگر مشین سے صرف 22,500 روپے ہی نکلے۔ بعد ازاں جب دوبارہ ویڈیو ریکارڈنگ کے ساتھ 10,000 روپے نکالے گئے تو اے ٹی ایم نے صرف 5,000 روپے ہی دیے۔ دونوں واقعات کی ویڈیوز بطور ثبوت موجود ہیں۔
مشین پر موجود کال ہیلپ آپشن کے ذریعے رابطہ کرنے کی بھی کوشش کی گئی، لیکن کوئی جواب نہ ملا۔ متاثرہ شہری نے رش سے بچنے کے لیے فجر کی نماز کے بعد اپنے بھائی کے ہمراہ رقم نکلوائی تھی۔
یہ پہلا واقعہ نہیں—اس سے قبل بھی ایک شخص کے ساتھ 30,000 روپے نکالنے پر صرف 15,000 روپے ملنے کا واقعہ پیش آ چکا ہے، جس کی ویڈیو بھی دستیاب ہے۔
متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ خوش قسمتی سے موبائل فون موجود تھا جس کی بدولت ویڈیو ریکارڈ ہو سکی، ورنہ بینک انتظامیہ اکثر ثبوت نہ ہونے پر ذمہ داری قبول نہیں کرتی۔ یہ بھی واضح نہیں کہ بینک کے کیمروں کی ریکارڈنگ فعال تھی یا نہیں، جبکہ عملہ ہمیشہ یہی مؤقف اختیار کرتا ہے کہ "ہماری اے ٹی ایم مشین کبھی غلط پیسے نہیں دیتی"۔
یہ اطلاع خاص طور پر اُن افراد کے لیے ہے جو تنخواہ کی وصولی یا دیگر ضروریات کے لیے اے ٹی ایم مشینز پر اندھا اعتماد کرتے ہیں۔ برائے مہربانی احتیاط کریں، ہر ٹرانزیکشن کا ویڈیو ثبوت ضرور رکھیں، اور کسی بھی مشتبہ صورت میں فوراً بینک انتظامیہ سے رجوع کریں۔
عوام الناس کو آگاہ کریں – احتیاط زندگی ہے!