22/07/2025
ڈیرہ بگٹی کے معذور افراد کا سندھ میں احتجاجی پریس کانفرنس، گیس کمپنیوں اور حکومتی اداروں پر آئینی حقوق سے محروم رکھنے کا الزام
سکھر .سہارا ویلفیئر سوسائٹی ڈیرہ بگٹی کے ضلعی صدر معذور افراد عبدالغفار بگٹی نے سکھر پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکومت، گیس کمپنیوں اور متعلقہ اداروں کے خلاف سخت احتجاج کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ بگٹی قدرتی وسائل سے مالا مال علاقہ ہے، جہاں چار بڑی گیس کمپنیاں گزشتہ سات دہائیوں سے کام کر رہی ہیں اور اربوں روپے کما رہی ہیں، لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ علاقے کے معذور افراد بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔انہوں نے انکشاف کیا کہ ضلع میں 700 سے زائد معذور افراد موجود ہیں جنہیں نہ تو روزگار دیا جا رہا ہے اور نہ ہی کسی قسم کی مالی معاونت یا وظیفہ فراہم کیا جا رہا ہے۔ عبدالغفار بگٹی نے بتایا کہ گیس کمپنیاں دعویٰ کرتی ہیں کہ وہ مقامی افراد کی فلاح کے لیے ٹرسٹ اور سینٹرز کے ذریعے خدمات فراہم کرتی ہیں، لیکن عملی طور پر کسی بھی معذور فرد کے لیے نہ تو کوئی تربیتی سینٹر قائم کیا گیا ہے اور نہ ہی علاج، تعلیم، ہنر سکھانے یا مصنوعی اعضاء کی فراہمی کا کوئی نظام موجود ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 1952ء سے لے کر اب تک نہ تو گیس کمپنیوں اور نہ ہی وفاقی حکومت نے معذور افراد کے لیے کوئی ادارہ یا فلاحی مرکز قائم کیا ہے۔ حالیہ چھ ماہ میں ضلع ڈیرہ بگٹی میں 1900 سرکاری اسامیوں پر بھرتیاں ہوئیں جن میں سے 5 فیصد کوٹہ معذور افراد کے لیے مختص تھا، تاہم اس کوٹے کے تحت 95 معذور افراد کو بھرتی کیا جانا تھا، مگر بدقسمتی سے ایک بھی معذور فرد کو نوکری نہیں دی گئی۔عبدالغفار بگٹی نے اسے معذور افراد کے ساتھ سنگین ناانصافی اور معاشی قتل قرار دیا اور کہا کہ ضلعی انتظامیہ مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن "روٹی، کپڑا اور مکان" کا حوالہ دیتے ہوئے پیپلز پارٹی کی بلوچستان حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس ویژن کے مطابق معذور افراد کو روزگار فراہم کرے۔آخر میں، عبدالغفار بگٹی نے آرمی چیف فیلڈ مارشل حافظ عاصم منیر سے دردمندانہ اپیل کی کہ وہ ذاتی طور پر اس معاملے کا نوٹس لیں اور معذور افراد سے ملاقات کر کے ان کے حالات کا جائزہ لیں۔ہم جانوروں سے بدتر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، ہمارے چھوٹے چھوٹے بچے ہیں، ہم بھی اس معاشرے کا حصہ ہیں، خدارا ہمیں روزگار فراہم کیا جائے. عبدالغفار بگٹی پاکستان زندہ باد، پاک فوج پائندہ باد!