01/06/2023
پسپ پروگرام کے تحت ساہیوال شہر کی 4 بڑی سڑکوں کی کارپٹنگ کا باضابطہ آغاز ہو گیا۔ خصوصی افتتاحی تقریب مال منڈی چوک میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید تھے جبکہ ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ قیوم قدرت، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر نبی دیوان، سٹی مینجر پسپ محمد اسجد خان اور ساہیوال چیمبر کے صدر شیخ بشارت ندیم، تاجر نمائندوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ سٹی مینجر محمد اسجد خان نے بتایا کہ پسپ پروگرام کے تحت شہر کی سڑکیں ہائی سٹریٹ (جوگی چوک سے مال منڈی چوک)، کالج روڈ (مال منڈی چوک سے کالج چوک)، فرید ٹاؤن روڈ (آرٹس کونسل چوک سے کمپری ہنسو سکول چوک) اور علامہ اقبال روڈ (ڈی سی آفس چوک سے مشن چوک) ایک ارب80کروڑ روپے کی خطیر رقم سے تعمیر ہونگی جنہیں مرحلہ وار مکمل کر کے عوام کے لئے کھول دیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں ہائی سٹریٹ اور علامہ اقبال روڈ کو 30جون تک مکمل کر لیا جائے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ پسپ پروگرام کے تحت سیوریج اور پانی کی فراہمی کے بڑے منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے جس کے لئے شہریوں کو درپیش مسائل سے انتظامیہ بخوبی آگاہ ہے اور انہیں کم کرنے کے لئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کے آخر تک اس بڑے منصوبے کی تکمیل سے شہر کی سیوریج اور پانی کی 50سال کی ضروریات پوری ہو سکیں گی۔ انہوں نے مشکلات برداشت کرنے اور تعاون کرنے پر ساہیوال چیمبر، تاجر نمائندوں اور شہریوں کے جذبے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کا تمام کوڑا ایک ہی جگہ ڈمپ کرنے اور شہر کو مزید سر سبز بنانے کے لئے زیادہ درخت لگانے کے بڑے منصوبے پر بھی کام جاری ہے اور بہت جلد ساہیوال کے لئے ایک لینڈ فل سائٹ بھی مختص کر دی جائے گی جہاں شہر کا تمام کوڑا ڈمپ ہو گا۔