30/10/2025
ساہیوال وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہنرمند نوجوان پروگرام کے تحت خواتین میں ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر تقسیم کرنے کی تقریب۔ ساہیوال ڈویژن کی 93 خواتین میں ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز تقسیم کئے گئے۔ کمپیوٹر پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کی جانب سے تقسیم کئے گئے۔ کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل اور چیئرپرسن وزیر اعلیٰ ٹاسک فورس برائے سکلز ڈویلپمنٹ عدنان چٹھہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے سی ای او احمد خان، پروگرام ہیڈ اکبر حسین سمیت ڈیسک ٹاپ حاصل کرنے والی بچیوں کے والدین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر حاصل کرنے والی بچیوں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ کوئی معاشرہ خواتین کی شمولیت کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔ اپنے خطاب میں چیئرپرسن سی ایم ٹاسک فورس عدنان چٹھہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کا ویژن خواتین کو ہنر مند بنانا اور انہیں ڈیجیٹل رسائی فراہم کرکے با اختیار بنانا ہے۔ یہ پروگرام وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کی عملی تعبیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب خواتین خوشحال ہونگی تو پورا گھرانہ اور معاشرہ خوشحال ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا دیہی خواتین کو ڈیجیٹل ہنر سے بااختیار بنانے کا یہ منصوبہ اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل کا حل وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ترجیحات میں شامل ہے۔ سی ای او پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ احمد خان نے بتایا کہ ان خواتین کا انتخاب میرٹ کی بنیاد پر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ منتخب خواتین کو آن لائن انسٹرکٹر کی زیر قیادت ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ای کامرس، بنیادی آئی ٹی سکلز میں تربیت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 'میں ڈیجیٹل' کا منصوبہ دیہی خواتین کے لئے روزگار، تعلیم اور باعزت آمدنی کے لئے نئے دروازے کھول رہا ہے۔ پروگرام ہیڈ اکبر حسین نے بتایا کہ پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے 'میں ڈیجیٹل' پروگرام کا مقصد خواتین کو آئی ٹی سکلز سکھا کر خودمختار بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تربیت حاصل کرنے والی بچیوں کو 5000 ہزار ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔