
12/08/2024
90 میٹر دور جیولن پھینکنے میں خاص کیا ہے اور ارشد ندیم کی ریکارڈ تھرو اتنی غیر معمولی کیوں تھی؟انھیں اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتانے والی ایک تھرو 92.97 میٹر جبکہ دوسری 91.79 میٹر کے فاصلے تک گئی اور یوں انھوں نے 2008 میں بنایا گیا 90.57 میٹر کا اولمپک ریکارڈ توڑ دیا۔
اگرچہ یہ ان کے کریئر کی بہترین کارکردگی ہے تاہم یہ پہلا موقع نہیں کہ انھوں نے 90 میٹر کی حد عبور کی ہو۔ سنہ 2022 کی کامن ویلتھ گیمز میں ارشد نے 90.18 میٹر تھرو کے ساتھ ایک نیا ریکارڈ بنایا تھا اور وہ 90 میٹر تک تھرو کرنے والے جنوبی ایشیا کے پہلے ایتھلیٹ بن گئے تھے۔
دوسری جانب ان کے حریف انڈیا کے نیرج چوپڑا گذشتہ کئی برسوں سے مسلسل ارشد سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے آ رہے ہیں لیکن آج تک وہ ایک مرتبہ بھی 90 میٹر تک تھرو نہیں کر پائے۔
تو سوال پیدا ہوتا ہے کہ جیولن مقابلوں میں 90 میٹر کی حد عبور کرنے کی اتنی اہمیت کیوں ہے اور ہر ایتھلیٹ 90 میٹر سے دورتھرو کیوں نہیں کر پاتا؟
1986 میں جب سے جیولن کو دوبارہ ڈیزائن کیا گیا، تب سے ارشد ندیم سمیت دنیا کے صرف 24 ایتھلیٹس ہی اس ’90 میٹر ایلیٹ کلب‘ کا حصہ بن پائے ہیں جنھوں نے 125 مرتبہ 90 میٹر کی حد پار کی ہے۔ ان میں سے صرف تین تھروز اولمپکس میں ہوئی ہیں۔