29/03/2025
آج پاکستانی وقت کے مطابق دن چار بجے شوال کے نئے چاند کی پیدائش ہوگی، یہ وہی وقت ہے جب دنیا کے بیشتر ممالک میں جزوی سورج گرہن ہوگا کیونکہ سورج گرہن ہی وہ لمحہ ہوتا ہے جب چاند سورج کے سامنے سے گزرتا ہے اور یوں نیا چاند پیدا ہوتا ہے۔ لہٰذا چار بجے پیدا ہونے والے چاند کی عمر پاکستان میں آج غروب آفتاب کے وقت صرف دو یا تین گھنٹے ہوگی، عام آنکھ سے دکھائی دینے کے لئے چاند کا عموماً پندرہ سولہ گھنٹے کی عمر کا ہونا ضروری ہے، جس کا مطلب ہے کہ اگر پاکستان میں کوئی آج چاند دیکھنے کی شہادت دیتا ہے تو ایسے شخص کی خدمات کو ناسا کے حوالے کرنا چاہیے تاکہ وہ جیمز ویب کی جگہ اُن کی آنکھوں سے کائنات کی اتھاہ گہرائیوں میں جھانک کر نئی دریافتیں کرسکیں۔ بہرحال کل (30 مارچ 2025ء کو) چوبیس گھنٹے گزر جانے کے بعد پاکستان میں غروب آفتاب کے وقت چونکہ چاند کی عمر چھبیس گھنٹے ہوجائے گی جس وجہ سے چاند کافی بڑا اور واضح ہوگا، جس وجہ سے بہت سے افراد یہ کہتے ہوئے پائے جائیں گے کہ یہ تو تیس کا چاند ہے، رویت ہلال کمیٹی ہمارا ایک روزہ کھا گئی ہے (تکنیکی معاملات کو سمجھنے کی بجائے ایسی باتیں کرنا سب سے آسان مشغلہ ہے)۔ کچھ دوستوں نے یہ بھی پوچھا کہ اگر چاند محض دو تین گھنٹے کا ہوگا تو کیا سعودی عرب میں عید کا اعلان ہوجائے گا؟ جی بالکل اعلان ہوجائے گا کیونکہ وہاں ام القریٰ کیلنڈر سے خود کو جوڑے رکھنے لئے اب نئے چاند کی عام آنکھ سے رویت کی بجائے سی سی ڈی امیجنگ کا استعمال کیا جاتا ہے، جس کے ذریعے آپ پیدائش کے فوراً بعد کسی بھی وقت چاند کا خاکہ آسمان پر دیکھ سکتے ہیں (ہمارے اور بہت سے وہاں کے علماء بھی اس طریقہ کار کو فی الحال درست نہیں سمجھتے) لہٰذا اگر کل کوئی دوست آپ کو چاند کے متعلق ابہام پھیلاتا دکھائی دے تو ان کو یہ تکنیکی معلومات ضرورت پہنچائیں۔
محمد شاہ زیب صدیقی