05/07/2025
مقصودِ کربلا اور ہے رسم عزا کچھ اور
تحریر: ابو نعیم محمد عظیم مدنی
سوشل میڈیا پر محرم کے دنوں کی کچھ مخصوص رسمیں دیکھ کر کچھ سوالات ذہن میں آتے ہیں، جنہیں آج ضبط تحریر میں لا رہا ہوں۔ آپ بھی ان سوالات کی جواب تلاش کیجئے گا۔ ان سوالات کے جوابات آپ کو حسینی گروہ تک لے جائیں گے اور جھوٹوں کی پہچان کروا دیں گے۔ آخر میں زیر نظر تصویر پر بھی تبصرہ کروں گا۔
امام پاک نے اپنے کنبے سمیت کربلا میں اپنی جان کیوں قربان کی؟ اس لئے کہ بعد میں قیامت تک آنے والے میرے غم میں نوحہ خوانی و سینہ کوبی کر سکیں؟
یا اس لئے کہ قیامت تک آنے والوں تک میرے نانا کا طریقہ، شریعت اور دین الہی کی درست تشریحات پہنچ جائیں؟
امام پاک نے شرعی احکامات کو بچایا اور ان میں تبدیلی لانے والوں کی راہ میں ڈٹ گئے، اپنی جان دے دی۔ مقصد کیا تھا؟
کہ قیامت تک آنے والے منبروں پر یہ سنائیں کہ تیر کیسے آیا، زخم کہاں لگا، خون کیسے نکلا؟ یا اس لئے کہ بعد میں آنے والے لوگوں کو یہ بتانا کہ ہم نے بے نمازی اور شرابی کی اطاعت قبول نہیں کی تھی، نماز کو قائم رکھا اور زندگی کو قرآن و سنت کے تابع رکھا، اسوہ رسول کو بدلنے والوں کا بائیکاٹ کیا۔ لہذا تم بھی رسول خدا کے طریقے پر ثابت قدم رہنا؟
کیا مقصدِ حسین کو رسم عزا میں تبدیل کرنے والے، اصل پیغام سے اُمت کا منہ موڑ کر صرف کالے کپڑے پہن کر چند اوباش جمع کر کے واقعات سنا کر، تلقینِ حسین سے پھیرنے والے ہی اصل مجرم اور خونِ امام حسین کے تاجر نہیں ہیں؟
کربلا ایک پیغام تھا لیکن رسم بنا دی گئی، حق پر خود عامل ہو کر ڈٹ جانا اور اس کی تلقین کرنا ہی تو حسینیت ہے اصل کربلائی تو وہ ہیں جو نماز روزہ کے پابند، قران کے قاری ہیں اور مسجدوں کو آباد کرنے والے، صحیح کو صحیح، غلط کو غلط کہنے والے، کسی بھی یزیدِ وقت کے خلاف حق پر ڈٹ جانے والے ہیں۔
امت کو صرف واقعات اور رسم عزا کا تحفہ دینے والے حقیقت میں مقصد و خونِ حسین کے غدار ہیں۔
"مسلمانوں" کے لئے یہ مہینہ ایک پیغام والا مہینہ ہے جب کے "منہ مُنّوں" کے لئے یہ سیزن ہے۔ کمائی کا، اسلام سے بد ظن کرنے کا، دین کی اسانید یعنی صحابہ سے عداوت سکھانے کا، نبی کریم علیہ السلام کے طریقے سے بغاوت پر اکسانے کا۔
زیر نظر تصویر بھی ایک رسم کی ادائیگی کی ہے ساری زندگی پر دین کی جھلک نہیں نظر آئے گی لیکن سیزنل کربلائیوں اور حقیقی بلوائیوں نے سال میں ایک دفعہ رسم کی ادائیگی کر کے یزید کو جگتیں شگتیں مار کے "مومنین" میں اپنا نام لکھوا لیا۔
اس تصویر پر ایک کمنٹ تھا کہ "مولا ڈیوٹی قبول فرمائے" کیسی ایموشنل بلیک میلنگ ہے، دنیا میں کتنے علماء ہیں دین دار لوگ ہیں، لیکن یہ ڈیوٹی میراثیوں کی ہی لگتی ہے۔ کچھ اور دکھا کر آخر کچھ تو چھپایا جا رہا ہے۔
میرے عزیز۔۔! فیصلہ خود کر لو مقصدِ امام حسین کو کون لے کر چل رہے ہیں اور شہادت امام کو رسم بنا کر کمائی کون کر رہے ہیں۔