14/05/2025
سرگودھا لاہور روڈ پر واقع اہم شہری و تجارتی مرکز بھاگٹانوالہ کے قریب باقاعدہ یوٹرن نہ ہونے کے باعث شہریوں کو روزانہ شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بھاگٹانوالہ میں سول ہسپتال سمیت کئی نجی ہسپتال اور کلینکس موجود ہیں جہاں روزانہ سینکڑوں مریض علاج کے لیے آتے ہیں، لیکن یوٹرن کی عدم دستیابی ان کی بروقت رسائی میں رکاوٹ بن رہی ہے۔
ایمرجنسی کی صورت میں جب ہر لمحہ قیمتی ہوتا ہے، مریضوں اور ایمبولینسز کو کئی کلومیٹر طویل راستہ اختیار کرنا پڑتا ہے جس سے نہ صرف تاخیر ہوتی ہے بلکہ بعض اوقات جان لیوا صورتحال بھی جنم لیتی ہے۔
شہر میں قائم تعلیمی اداروں میں آنے والے طلباء و طالبات اور ان کے والدین بھی اسی پریشانی کا شکار ہیں، جبکہ تجارتی مراکز، بینکس اور سرکاری دفاتر میں آنے والے شہری بھی روزانہ اس مسئلے سے دوچار ہوتے ہیں۔
عوامی، سماجی اور تاجر حلقوں نے ڈپٹی کمشنر سرگودھا سے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ بھاگٹانوالہ کے قریب جلد از جلد ایک محفوظ اور باقاعدہ یوٹرن کی منظوری دی جائے۔ اسی کے ساتھ، پنجاب ہائی وے ڈیپارٹمنٹ سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس مسئلے کا فوری نوٹس لے کر سڑک کی ترمیم اور یوٹرن کی تعمیر کے لیے ضروری اقدامات کرے۔
عوام نے پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما محسن شاہنواز رانجھا سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اس عوامی مسئلے کا حل نکالنے کے لیے ضروری اقدامات کریں، اور اس کے ساتھ ہی ایم پی اے چوہدری اکرام الحق سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ اس معاملے میں عوام کے مفاد میں مؤثر کردار ادا کریں تاکہ شہریوں کو سہولت مل سکے اور حادثات میں کمی واقع ہو۔