05/11/2025
امن جرگہ وفد کی ڈی آئی جی مردان ربنواز خان سے ملاقات — جرائم کے خلاف بڑا ایکشن، میرٹ پالیسی پر واضح مؤقف
تفصیلات کے مطابق
مردان:
امن جرگہ صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی عہدے داران نے ڈی آئی جی مردان رینج ربنواز خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
وفد نے ربنواز خان کو مردان آمد پر خوش آمدید کہا اور تعیناتی پر مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر امن جرگہ ضلع مردان کے جنرل سیکرٹری ملک مجیب الرحمٰن نے تمام عہدے داران کا تفصیلی تعارف کروایا اور پانچ اضلاع — مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ اور مہمند کے اہم سماجی و عوامی مسائل سے ڈی آئی جی صاحب کو آگاہ کیا۔
امن جرگہ ٹیم نے سود خوروں، قبضہ مافیا، انڈر پلے، منشیات فروشوں اور دیگر جرائم میں ملوث عناصر کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔
ڈی آئی جی ربنواز خان نے وفد کی باتوں کو بغور سنا، تمام نکات کو تحریری پوائنٹس کی صورت میں درج کیا اور موقع پر ہی جواب بھی دیے۔
ربنواز خان نے کہا کہ:
جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، کسی سفارش کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔ میرٹ ہی میری پالیسی ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے تمام ڈی پی اوز کو ہدایت جاری کی ہے کہ منشیات اور دیگر جرائم کے خلاف کارروائی مزید تیز کی جائے، اور جھوٹے مقدمات یا غلط ایف آئی آرز سے گریز کیا جائے۔
ربنواز خان نے واضح کیا کہ:
جو اہلکار برسوں سے ایک ہی دفتر میں تعینات ہیں، انہیں تبدیل کیا جائے گا تاکہ ایماندار اور مستحق اہلکاروں کو آگے آنے کا موقع ملے۔”
انہوں نے کہا کہ پولیس کی طرف سے عوام پر یا عوام کی طرف سے پولیس پر ظلم و زیادتی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، اور اگر کوئی ملوث پایا گیا تو نشانِ عبرت بنا دیا جائے گا۔
یہ ملاقات امن جرگہ چیئرمین سید کمال شاہ باچہ ایڈووکیٹ کی خصوصی ہدایت پر منعقد ہوئی۔
ڈی آئی جی ربنواز خان نے امن جرگہ ٹیم کے منشور کو سراہا اور جرائم کے خاتمے کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
رپورٹ: فواد خان جرنلسٹ
صوبائی میڈیا کوآرڈینیٹر — امن جرگہ