08/08/2025
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ،
میں اس بیان کے ذریعے چند سوشل میڈیا عناصر اور یوٹیوبرز کی جانب سے لگائے گئے بے بنیاد، من گھڑت اور جھوٹے الزامات کی سختی سے تردید کرتا ہوں۔ ان الزامات کا نہ صرف مجھ سے بلکہ میرے خاندان، میری ذاتی زندگی اور میرے تعلیمی ادارے سے بھی کوئی تعلق نہیں۔
الحمدللہ، میری حالیہ کامیابیاں، خواہ وہ تعلیمی میدان میں ہوں یا ادارے کی سطح پر، ایک کھلی حقیقت ہیں، جو کسی وضاحت کی محتاج نہیں۔ لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ میری اور میرے ادارے کی ان کامیابیوں کو سبوتاژ کرنے کے لیے چند شدت پسند اور شرپسند عناصر نے منفی پروپیگنڈے کا سہارا لیا ہے۔
یہ تمام افواہیں اور الزامات دراصل ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پھیلائے جا رہے ہیں، جو ممکنہ طور پر کسی کی ایماء پر کیے جا رہے ہیں۔ مقصد صرف یہ ہے کہ مجھے اور میرے خاندان کو بدنام کیا جائے، عوام میں غلط فہمیاں پیدا کی جائیں، اور میرے کردار کو مشکوک بنا کر میرے تعلیمی اور سماجی سفر کو متاثر کیا جائے۔
میں واضح الفاظ میں بتانا چاہتا ہوں کہ:
مجھ پر لگائے گئے الزامات سراسر جھوٹ اور بے بنیاد ہیں۔
میری فیملی کو اس معاملے میں گھسیٹنا اخلاقی، دینی اور قانونی لحاظ سے انتہائی افسوسناک ہے۔
میرے خلاف چلائی گئی اس منفی مہم کا مقصد صرف میری اور میرے ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔
میں متعلقہ یوٹیوبرز اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ فوری طور پر اپنے جھوٹے دعوے واپس لیں، بصورت دیگر میں قانونی چارہ جوئی کا مکمل حق محفوظ رکھتا ہوں۔
میری گزارش ہے کہ عوام الناس افواہوں پر یقین کرنے کے بجائے سچائی اور حقائق کو پرکھیں، اور ایسے عناصر کا محاسبہ کریں جو سوشل میڈیا کو ذاتی انتقام یا مفاد کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کو حق اور سچ کا ساتھ دینے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔
والسلام
محمد عارف خان گوپانگ
7/8/25