05/11/2025
*پاکستان پر قدرت مہربان، تیل و گیس کے بڑے ذخائر دریافت*
*اٹک میں ڈھوک سلطان کے مقام پر تیل و گیس کے بڑے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔*
پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کے مطابق ڈھوک سلطان میں 3 کنویں کی کھدائی سے 1400بیرل یومیہ خام تیل حاصل ہو گا جب کہ روازنہ 2.5 ملین مکعب فٹ قدرتی گیس اور 15 ٹن ایل پی جی گیس حاصل ہو گی۔
ڈھوک سلطان 3 کنویں میں پی پی ایل 75 فیصد کا حصہ دار ہے۔ قدرتی گیس سوئی ناردرن اور خام تیل اٹک آئل ریفائنری کو فروخت کیا جائے گا۔
پی پی ایل کا کہنا ہے کہ تیل و گیس کے ذخائر کی دریافت سے ملکی زرمبادلہ کی بڑی بچت ہوگی۔
گزشتہ ماہ صوبہ سندھ میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت کرلئے گئے ، کنویں سے روزانہ 305 بیرل تیل اور 3 ایم ایم ایس سی ایف ڈی گیس حاصل ہوگی۔
ماڑی انرجیز لمیٹڈ (MEL) نے صوبہ سندھ میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت کرنے کا اعلان کردیا۔
کمپنی نے بتایا کہ ماڑی غزیج CF-B1 ایکسپلوریشن ویل میں یہ نئی دریافت ہوئی ہے، کنویں کی کھدائی 12 ستمبر 2025 کو شروع کی گئی تھی، جو 1,195 میٹر گہرائی تک کامیابی سے سل فارمیشن تک پہنچی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹنگ کے دوران کنویں سے روزانہ 305 بیرل تیل اور 3 ایم ایم ایس سی ایف ڈی گیس حاصل ہوئی جبکہ ٹیسٹنگ 48/64 انچ چوک سائز اور 225 psi پریشر پر مکمل کی گئی۔
علاوہ ازیں سندھ کے ضلع جامشورو سے کوٹری بلاک ون سے گیس کے نئے ذخائر دریافت ہو گئے۔
پاکستان پیڑولیم نے گیس ذخائر کی دریافت پر پاکستان اسٹاک ایکسچیبج کو خط لکھ کر مطلع کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوٹری بلاک میں واقع بارکی ون کنوئیں میں کھدائی کاعمل 21جولائی 25 میں شروع ہوا۔
کنوئیں کی کھدائی 3 ہزار 392 فٹ گہری کی گئی اور ہائیڈرو کاربن امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ کنوئیں میں کمپلیشن انٹیگریٹی ٹیسٹ کے دوران 1.5 ملین مکعب فٹ یومیہ گیس ذخائر ملے، کنوئیں سے حاصل گیس کے بہاؤ کو بہتر کرنے کیلئے ایسڈ اسٹیومولیشن کا عمل سرانجام دیا۔