31/12/2025
الحمدللہ ثم الحمدللہ!
اس سال جامعہ بیت العتیق کا سالانہ پروگرام ہماری تمام تر توقعات سے کہیں بڑھ کر، نہایت شاندار شرکت اور پُرخلوص ماحول کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ یہ کامیابی ہم سب کے لیے باعثِ مسرت اور شکر کا مقام ہے۔
ہم دل کی گہرائیوں سے اپنے محترم اساتذۂ کرام اور علمائے کرام کے شکر گزار ہیں جنہوں نے جامعہ کی سرپرستی فرمائی، اپنی قیمتی دعاؤں اور شرکت سے اس اجتماع کو وقار بخشا اور جامعہ کے مشن میں اپنا عملی کردار ادا کیا۔
خصوصی طور پر سرپرستِ مساجد و مدارس حضرت قاری حبیب اللہ صاحب دامت برکاتہم اور چیئرمین علماء رابطہ کمیٹی مولانا عبید اللہ صاحب کے ہم تہہ دل سے ممنون ہیں جنہوں نے دن رات کی تمیز کیے بغیر دعوت، تیاری اور انتظام کے ہر مرحلے میں بے مثال محنت فرمائی۔
اسی طرح ہم اپنے محترم سرپرستِ اعلیٰ، شیخ الحدیث حضرت مولانا حسن ربانی صاحب دامت برکاتہم، مفتی شاہد ربانی صاحب، حافظ طاہر صاحب، مولانا محمود صاحب، جامعہ کے ناظمِ تعلیمات مولانا سرفراز صاحب، ان کے ساتھ تعلیمی کمیٹی کے تمام احباب اور مقامی علماء کرام کے بھی دل سے شکر گزار ہیں۔ ان حضرات نے جس اخلاص، محنت اور یکجہتی کے ساتھ ذمہ داریاں نبھائیں، بلاشبہ اس کی کوئی مثال نہیں۔
اسی طرح ہم اپنے اُن مخلص معاونین اور بھائیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جو اپنا نام ظاہر کرنا پسند نہیں کرتے، بلکہ خاموشی، اخلاص اور خدمت کو ہی اپنی پہچان بناتے ہیں۔ بظاہر جو پروگرام ہمیں سامنے نظر آتا ہے، اس کے پسِ پردہ اصل محنت انہی احباب کی ہوتی ہے، جن کی دن رات کی کاوشیں، خلوص بھری دعائیں اور بے لوث تعاون اس کامیابی کا سبب بنتے ہیں۔
بے شک علماء کرام وہ عظیم ہستیاں ہیں کہ جب کسی نیک مقصد کے لیے خلوص کے ساتھ قدم بڑھاتی ہیں تو اللہ تعالیٰ کی مدد ان کے ساتھ شاملِ حال ہو جاتی ہے۔ اللہ رب العزت ہم سب کی ان کوششوں کو قبول فرمائے، جامعہ بیت العتیق کو مزید ترقی عطا فرمائے، اور اس خدمتِ دین کے سلسلے کو آئندہ بھی اپنی خاص نصرت و برکت کے ساتھ جاری رکھے۔ آمین۔
جامعہ بیت العتیق — جہاں زندگیاں بنتی ہیں