09/06/2026
گانچھے
محکمہ صحت کے احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے سے عوامی تشویش میں اضافہ
ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال خپلو میں ماہر ریڈیالوجسٹ اور سرجنز کی تعیناتی سے متعلق 21 مئی 2026 کو ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز بلتستان کی جانب سے جاری آفس آرڈر پر تاحال عملدرآمد نہ ہونے کا معاملہ ایک بار پھر سامنے آگیا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق آر ایچ کیو ہسپتال سکردو سے مرحلہ وار بنیادوں پر ڈاکٹروں کی تعیناتی کا حکم جاری کیا گیا تھا، تاہم عملی طور پر یہ ڈاکٹرز خپلو میں خدمات انجام نہیں دے رہے۔ اس صورتحال کے باعث روزانہ تین سے چار مریضوں کو الٹراساؤنڈ اور دیگر ضروری طبی سہولیات کے لیے سکردو ریفر کیا جا رہا ہے، جس سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
عوامی و سماجی حلقوں نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اعلیٰ سطحی احکامات پر بھی عملدرآمد نہ ہو تو عوامی خدمت کا نظام متاثر ہوتا ہے۔ شہریوں نے سیکریٹری صحت گلگت بلتستان اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ نوٹیفکیشن پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور تاخیر کی وجوہات عوام کے سامنے لائی جائیں۔
شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر جلد از جلد ماہر ڈاکٹروں کی تعیناتی نہ کی گئی تو وہ محکمہ صحت اور متعلقہ حکام کے خلاف احتجاج پر مجبور ہوں گے۔ اس معاملے پر تاحال متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔