
16/05/2025
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے رخشان ڈویژن کے وفد کی ملاقات ،بسیمہ و ماشکیل کو میونسپل کمیٹی کا درجہ دینے پر شکریہ ادا کیا
کوئٹہ: رخشان ڈویژن کے ایک اہم وفد نے وزیراعلی بلوچستان کے فوکل پرسن سید اقبال شاہ اور نعیم اللہ بلوچ کی قیادت میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کی
ملاقات میں پیپلزپارٹی بلوچستان کے صوبائی رہنما حیات خان اچکزئی بھی موجود تھے
وفد نے بسیمہ اور ماشکیل کو میونسپل کمیٹی کا درجہ دینے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور عوامی نمائندگی کو ادارہ جاتی سطح پر تسلیم کیے جانے کو تاریخی اقدام قرار دیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا "پسماندہ اضلاع کی ترقی میری اولین ترجیح ہے۔ رخشان ڈویژن کی غیور عوام سے جو وعدے کیے ہیں، ان کی تکمیل میری ذاتی ذمہ داری ہے۔ ہم پسماندگی کو اپنا مقدر نہیں مانتے، بلکہ ترقی، خوشحالی اور خود انحصاری ہمارا مستقبل ہے۔ وژنری نوجوان قیادت کے ذریعے ہم بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے — اب کوئی قوت ہمیں آگے بڑھنے سے نہیں روک سکتی۔"
وزیراعلیٰ نے کہا کہ واشک سمیت رخشان کے تمام اضلاع ان کے دل کے قریب ہیں، اور وہ ان علاقوں کو جدید سہولیات، بہتر انفراسٹرکچر اور پائیدار ترقی کے عمل میں شامل کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
وفد میں ضلع واشک کے صدر احسان اللہ سمالانی، کامریڈ سید محمد نبی، میر شیرباز خان ساسولی، حمید اللہ ڈومکی، عبداللہ درویش اور میر صحبت خان جمالدینی شامل تھے، جنہوں نے وزیراعلیٰ کو علاقے کے عوامی مسائل سے آگاہ کیا اور اُن کے حل کے لیے عملی اقدامات کی اپیل کی۔
ملاقات نہایت خوشگوار ماحول میں ہوئی اور وزیراعلیٰ نے وفد کو یقین دلایا کہ رخشان ڈویژن کو ایک ترقی یافتہ اور باوقار خطہ بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔