23/10/2025
وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار کی زیرِ صدارت سکھر رینج میں امن و امان سے متعلق اہم اجلاس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کی ہدایت
سکھر وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار کی زیرِ صدارت سکھر رینج میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں آئی جی سندھ پولیس غلام نبی میمن، ڈی آئی جی سکھر کیپٹن (ر) فیصل عبداللہ چاچڑ، ایس ایس پی سکھر، ایس ایس پی گھوٹکی، ایس ایس پی خیرپور سمیت دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ضلع سکھر، خیرپور اور گھوٹکی میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈی آئی جی سکھر کیپٹن (ر) فیصل عبداللہ چاچڑ نے اجلاس کو موجودہ صورتحال، جاری پولیس اقدامات، اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے واضح ہدایات دیں کہ کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کے خلاف جاری آپریشن کو مزید تیز کیا جائے اور جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ ساتھ ان کے سہولت کاروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ امن دشمن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے اور پولیس رینج کے تمام اضلاع میں انٹیلیجنس بنیادوں پر ٹارگٹڈ کارروائیاں کی جائیں تاکہ امن و امان کی صورتحال مزید بہتر بنائی جا سکے۔وزیر داخلہ سندھ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومتِ سندھ کی اولین ترجیح ہے، اور صوبے کے تمام اضلاع کو جرائم اور دہشت گردی سے مکمل طور پر پاک کرنے تک چین سے نہیں بیٹھا جائے گا۔ضیاءالحسن لنجار نے پولیس افسران پر زور دیا کہ وہ عوامی تعاون کے ساتھ جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے مؤثر حکمتِ عملی اپنائیں اور شہریوں میں احساسِ تحفظ پیدا کریں۔جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہو گی۔ سندھ کو امن کا گہوارہ بنانا ہمارا مشن ہے ضیاءالحسن لنجار، وزیر داخلہ سندھ
DIG Faisal Chachar PSP fans SSU Sindh Police Sindh Police District Sukkur Police True News with Shoaib Malik Syed Murad Ali Shah Bilawal Bhutto Zardari