04/06/2026
Sukkur Electric Power Company (Ltd.)
Public Relation Office
Updates #650040626
Thursday, 4th June, 2026
Time: 08:00.pm
Follow us:
https://www.Facebook.com/PRO.SEPCO
جمعرات 4 جون 2026
وقت، 12 بجہ رات
سکھر الیکٹرک پاور کمپنی لمیٹڈ (سیپکو)
دفتر تعلقات عامہ
*پریس ریلیز*
*سیپکو میں آنے والے طوفان سے این جی سی کی ٹرانسمیشن لائنوں کو نقصان، متعدد سیپکو گرڈ اسٹیشنز کی بجلی کی فراہمی متاثر، بحالی کے لیے سیپکو کی کوششیں جاری*
سکھر: شدید آندھی، طوفانی ہواؤں اور موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں قومی گرڈ کمپنی (NGC) کے ٹرانسمیشن نظام کو شدید نقصان پہنچا ہے جس کے باعث سکھر اور شکارپور ریجن میں بجلی کی ترسیل متاثر ہوئی ہے۔
موصولہ تکنیکی رپورٹس کے مطابق 220 کے وی نیو روہڑی تا 500/220 کے وی لوڈرا-شکارپور سرکٹ-I اور سرکٹ-II جبکہ 500 کے وی شکارپور ٹرانسمیشن لائن کا ایک سرکٹ طوفان کے باعث متاثر ہو گیا، جس کے نتیجے میں این جی سی کے نیٹ ورک سے منسلک متعدد 132 کے وی گرڈ اسٹیشنز کو بجلی کی فراہمی میں تعطل پیدا ہوا۔
اس صورتحال کے باعث خیرپور، شاہلڈانی، کنب، کوٹ ڈیجی، روہڑی، پیر جو گوٹھ، گمبٹ، رسول آباد اور چونڈکو گرڈ اسٹیشنز کی بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔ یہ تمام گرڈ اسٹیشنز این جی سی کے ٹرانسمیشن نیٹ ورک کے ذریعے بجلی حاصل کرتے ہیں۔
سیپکو کی جانب سے اپنے تمام گرڈ اسٹیشنز اور ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک کو فعال اور آپریشنل حالت میں رکھنے کی کوشش جاری ہے۔
اگرچہ اینگرو سائیڈ سے 220 کے وی نیو روہڑی کو سپلائی بحال ہونے کے بعد اولڈ روہڑی گرڈ کو انرجائز کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم این جی سی کی جانب سے مسلسل وولٹیج میں اتار چڑھاؤ کے باعث سرکٹس کو برقرار رکھنا ممکن نہ ہو سکا۔
مزید برآں، این جی سی کی جانب سے تاحال مرمتی کاموں کی تکمیل اور مکمل بحالی کے حوالے سے کوئی حتمی وقت فراہم نہیں کیا گیا ہے، جس کے باعث متاثرہ علاقوں میں سپلائی کی مکمل بحالی این جی سی کے ٹرانسمیشن نظام کی بحالی سے مشروط ہے۔
چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز سیپکو غلام مصطفیٰ لغاری کی خصوصی ہدایات اور چیف ایگزیکٹو آفیسر سیپکو انجینئر اعجاز احمد چنہ کی براہِ راست نگرانی میں سیپکو کی تمام متعلقہ ٹیمیں مسلسل رابطے میں ہیں اور صورتحال کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کی جا رہی ہے۔ سیپکو حکام این جی سی کے ذمہ داران کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں تاکہ متاثرہ علاقوں میں جلد از جلد بجلی کی فراہمی بحال کی جا سکے۔
سیپکو اپنے معزز صارفین کو یقین دلاتی ہے کہ ادارہ بجلی کی فراہمی کی جلد بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے۔
صارفین سے گزارش ہے کہ وہ موجودہ صورتحال میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور مصدقہ معلومات کے لیے سیپکو کے سرکاری ذرائع سے رابطے میں رہیں۔
*ترجمان سیپکو*
سکھر الیکٹرک پاور کمپنی لمیٹڈ (سیپکو)
Sukkur Electric Power Company (SEPCO)