17/09/2025
سکھر کی گرم گودی کی رہائشی صنم میرانی نے اپنے شوہر لیاقت علی چوہان کے خلاف بدترین تشدد، گھر کا سامان و نقدی چھیننے، اور اس کی بہن صائمہ میرانی کے زبردستی اغواء و مبینہ نکاح کے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے سکھر پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور میڈیا سے مدد و انصاف کی درخواست کی۔متاثرہ خاتون نے میڈیا کو بتایا کہ تین سال قبل انہوں نے پسند کی شادی لیاقت علی چوہان نامی پولیس اہلکار سے کی۔ اُن کے بقول شوہر نے شادی کے بعد ان کے اور بچوں کے ساتھ باقاعدہ تشدد شروع کر دیا اور انہیں اس بات کی سخت دھمکیاں دیں کہ اگر انہوں نے کسی کو اس صورتِ حال سے آگاہ کیا تو انہیں اور ان کے بچوں کو قتل کر دیا جائے گا۔صنم میرانی نے مزید کہا کہ لیاقت علی چوہان نے انہیں منشیات کھلا کر بے ہوش کر دیا، اور پھر گھر میں موجود نقدی، سونا اور قیمتی سامان چوری کر کے لے گیا۔ متاثرہ نے الزام عائد کیا کہ اُن کے شوہر نے ان کی 18 سالہ بہن صائمہ میرانی کو زبردستی اغواء کر کے لے گیا اور ان کے خلاف مزید دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ صنم کے مطابق انہیں معلومات ملی ہے کہ صائمہ کے ساتھ مبینہ طور پر زبردستی نکاح بھی کرایا جا چکا ہے۔احتجاج کے دوران صنم میرانی نے حکام بالخصوص چیف جسٹس آف پاکستان، وزیرِ اعلیٰ سندھ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی سکھر سے فُوری مداخلت کا مطالبہ کیا اور زور دے کر کہا کہ لیاقت علی چوہان کو گرفتار کر کے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، ان کی بہن صائمہ کو بحفاظت بازیاب کرایا جائے، اور انہیں تحفظ و انصاف فراہم کیا جائے۔