25/08/2026
سکھر: 20 سالہ شادی شدہ خاتون کے مبینہ قتل کے خلاف میرانی برادری کا احتجاج، ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ
سکھر بچل شاہ میانی کے رہائشی میرانی برادری سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین نے 20 سالہ شادی شدہ خاتون ساجدہ میرانی کے مبینہ قتل کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر مسمات فہمیدہ زوجہ عبدالرشید میرانی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ انہوں نے تقریباً تین ماہ قبل اپنی بیٹی ساجدہ کی شادی نایاب میرانی سے کی تھی۔ ان کے مطابق شادی کے بعد سے ساجدہ کو اس کے شوہر نایاب میرانی، آفتاب میرانی، کامران میرانی، مسمات نجمہ، مسمات صائمہ اور دیگر افراد مبینہ طور پر بدترین تشدد کا نشانہ بناتے رہے۔مسمات فہمیدہ کا کہنا تھا کہ ان کی بیٹی نے گھر والوں کو سسرال میں مبینہ تشدد اور ظلم و زیادتی کے بارے میں کبھی کچھ نہیں بتایا، تاہم چند روز قبل انہیں اطلاع ملی کہ ساجدہ کو مبینہ طور پر اس کے شوہر اور دیگر افراد نے تشدد کرکے قتل کردیا ہے۔ واقعے کے بعد اہل خانہ کی جانب سے متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کرایا گیا، جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ساجدہ کے شوہر نایاب میرانی کو گرفتار کرلیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ مقدمے میں نامزد دیگر مبینہ ملزمان تاحال آزاد گھوم رہے ہیں، جس کے باعث مقتولہ کے اہل خانہ میں شدید خوف و تشویش پائی جاتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی غیرجانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کر کے تمام نامزد ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے اور قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔مقتولہ کے اہل خانہ اور احتجاجی مظاہرین نے چیف جسٹس آف پاکستان، وزیراعلیٰ سندھ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سکھر رینج اور ایس ایس پی سکھر سمیت اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ انہیں فوری انصاف اور تحفظ فراہم کیا جائے، جبکہ مبینہ قتل میں ملوث تمام افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔مظاہرین نے واضح کیا کہ اگر تمام نامزد ملزمان کو گرفتار کرکے انصاف فراہم نہ کیا گیا تو وہ احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے پر مجبور ہوں گے۔
fans Sukkur Press Club Only News Highlight Sindh Police District Sukkur Police Sindh Government Syed Murad Ali Shah Barrister Arsalan Islam Shaikh District Bar Association, Sukkur Syed Nasir Hussain Shah