27/12/2025
صوابی: گورنمنٹ ہائی سکول ڈاگئ میں دو سینئر اساتذہ کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر ایک پُراثر الوداعی تقریب منعقد کی گئی۔
تقریب کے دوران مہدی زمان گل اور ملک شید کی طویل اور مثالی تعلیمی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر سکول کا ماحول جذباتی مناظر سے بھرپور رہا۔ اساتذہ اور اسٹاف کا کہنا تھا کہ یہ دونوں شخصیات نہ صرف بہترین معلم تھیں بلکہ کردار سازی، اخلاق اور نظم و ضبط کی اعلیٰ مثال بھی تھیں۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی سابق سیکرٹری ایجوکیشن اور کمشنر کوہاٹ ڈویژن جناب معتصم باللہ شاہ تھے، جبکہ اس موقع پر محکمۂ تعلیم کے افسران، سکول پرنسپل، اساتذہ، معزز مہمانانِ گرامی، والدین اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مہدی زمان گل اور ملک شید نے دہائیوں تک علم کی شمع روشن رکھی اور ہزاروں طلبہ کو ایک بہتر شہری بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ ان اساتذہ کی شفقت، رہنمائی اور محنت کو وہ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
آخر میں ریٹائر ہونے والے اساتذہ کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں اور ان کے روشن مستقبل، اچھی صحت اور خوشحال زندگی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔