
18/09/2025
مردان میں فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی، مصالحہ ساز یونٹ سے بھاری مقدار میں ملاوٹ شدہ اجناس برآمد
مردان( ) صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو کی خصوصی ہدایت پر خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے مردان میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے عوام کی صحت سے کھیلنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ خفیہ اطلاع پر پار ہوتی کے علاقے میں ایک مصالحہ تیار کرنے والے یونٹ پر چھاپہ مارا گیا، جہاں سے تقریباً 40 کلوگرام چوکر، 100 کلوگرام چوکر ملا مصالحہ اور 4 کلو غیر معیاری رنگ برآمد کیے گئے۔فوڈ اتھارٹی کی ٹیم کے مطابق اس یونٹ میں معروف برانڈز کے نام سے غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ مصالحے تیار کیے جارہے تھے، جو مردان اور گرد و نواح کے علاقوں میں تقسیم کیے جانے تھے۔ تاہم بروقت کارروائی کے باعث یہ خطرناک اشیاء عوامی رسائی سے قبل ہی پکڑ لی گئیں۔کارروائی کے دوران یہ بھی سامنے آیا کہ فیکٹری میں صفائی ستھرائی کی صورتحال نہایت ابتر تھی، جبکہ ورکروں کے پاس میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ بھی موجود نہیں تھے۔ اسی بنیاد پر فیکٹری کو فوری طور پر سربمہر کر دیا گیا اور مالکان کے خلاف فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ساتھ قانونی کارروائی بھی شروع کر دی گئی۔اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر حلال فوڈ اتھارٹی رقیہ نواز خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فوڈ سیفٹی ٹیم مردان ملاوٹ، غیر معیاری اور غیر صحت بخش اشیائے خوردونوش کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھے گی تاکہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔