
04/08/2025
جھینگر(کیرڑے پشتو )(House Cricket)
وہ جاندار جس کی بیوی خاموش ہوتی ہے پر شوہر کیرررر کیرررر کرتا ہے.
جھینگر، ایک عام، بہت شور مچانے والا انسیکٹ ہے، جو صدیوں سے انسانوں کے آس پاس موجود رہا ہے۔ یہ کیڑا رات کے وقت اپنی مخصوص "چرچر" یا "کیرررر کیرررر" کی آواز کی وجہ سے پہچانا جاتا ہے۔
درجہ بندی
اس کا عام نام
House cricket
ہے،
سائنسی نام
Acheta domesticus
ہے
اور تعلق کیڑوں کے
Gryllidae
خاندان سے ہے.
دنیا میں جھینگروں کی 4500 سے زائد اقسام دریافت ہو چکی ہیں ، جن میں سے گھریلو جھینگر سب سے زیادہ پہچانی جانے والی نوع ہے۔
پہچان
جھینگر کی اوسط لمبائی 1.6 تا 2.5 سینٹی میٹر ہوتی ہے. رنگ ہلکا بھورا، پیلا مائل یا زرد، سر پر گہرے دھاریاں، گردن پر دو یا تین کالے لائن یا دھبے، لمبا اینٹینا جو بال کی طرح ہوتا ہے. پر ہوتے ہیں لیکن ان کی اڑان محدود ہوتی ہے.
نر جھینگر اپنے پروں کو رگڑ کر مخصوص آواز نکالتا ہے، جسے "chirping"
کہا جاتا ہے جبکہ آواز نکالنے کے اس عمل کو سائنسی اصطلاح میں
Stridulation
کہا جاتا ہے.
پھیلاؤ
گھریلو جھینگر کی پہلی جگہ جنوب مغربی ایشیا یا شمالی افریقہ مانی جاتی ہے، مگر اب یہ انٹارکٹکا کے علاوہ دنیا کے تمام برِاعظموں میں پایا جاتا ہے.
دورانِ زندگی (Life Cycle)
گھریلو جھینگر اپنی زندگی میں تین مراحل سے گزرتا ہے:
انڈے: مادہ ایک بار میں 100–200 انڈے نم مٹی میں دیتی ہے.
نیمف یعنی بچہ انڈوں سے نکلنے کے بعد ہی بالغ جھینگر کی طرح نظر آتے ہیں مگر بغیر پروں کے اور جسامت میں چھوٹے ہوتے ہیں.
بالغ: تقریباً 2 سے 3 ماہ میں یہ بالغ ہو جاتے ہیں۔ بالغ جھینگر 2–4 ہفتے زندہ رہتا ہے۔
خوراک
گھریلو جھینگر
omnivorous
ہوتے ہیں یعنی ہر چیز کھاتے ہیں. سبزیاں، پھل، پتے، اناج، مردہ کیڑے، گوشت کے ذرات
کپڑے، کاغذ، پلاسٹک، پالتو جانوروں کا خوراک. ان کی خوراک کا وسیع دائرہ ہی ان کی بقاء اور کامیابی کی بڑی وجہ ہے.
انسانوں کے لیے فوائد
فضلہ اور مردہ مادوں کو کھا کر ماحول صاف کرتے ہیں. رینگنے والے جانور، پرندے اور مچھلیاں ان سے غذائیت حاصل کرتی ہیں جبکہ کئی ممالک میں جھینگر کو پروٹین کے متبادل کے طور پر بھی کھایا جاتا ہے.
انسانوں کے لیے نقصانات
یہ کتابیں، کپڑے، پردے، قالین، چمڑے کا سامان بہت خراب کرتا ہے. اگر لمبے وقت تک کپڑے یا کتابیں ایک ہی جگہ پر پڑے ہوں تو یہ ان کا کچرا کر دیتا ہے.
رات کے وقت ان کی آواز نیند میں خلل ڈالنے کے علاوہ کچھ لوگوں کو باقاعدہ نیم پاگل کر دیتا ہے. کچھ لوگ ان کی آواز سے بہت چھڑ کھاتے ہیں. ان کے جسم میں موجود
Chitin
سے کچھ لوگوں کو الرجی ہو سکتی ہے.
کنٹرول یا تدارک کے طریقے
گھر کو صاف ستھرا رکھنا، خاص طور پر کچن اور تہہ خانوں کو. درزوں، شگافوں اور سوراخوں کو بند کریں کیونکہ یہی ان کے رہنے اور افزائش کی جگہ ہے. دیواروں کو پلیستر کریں. نمی والی جگہوں کو خشک رکھیں یا وہاں کوئی کیڑے مار دوا چھڑکیں. چپکنے والے کارڈ جگہ جگہ رکھیں. جو سامان بہت وقت سے ایک جگہ پڑا ہے، اس کی جگہ تبدیل کریں. کپڑوں اور کتابوں کی الماری میں کافور کی گولیاں رکھا کریں.