
11/05/2025
#تخت بھائی کے گنجئی کلی سے تعلق رکھنے والے پاک فضائیہ کے ریڈار ٹیکنیشن محمد ایاز ولد شیر زمان نے سرگودھا ایئر بیس پر انڈین حملے کے دوران مادرِ وطن پر جان نچھاور کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔شہید کی نمازِ جنازہ ان کے آبائی علاقے میں مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی، جنازے میں ائیر فورس کے اے وی ایم شہریار آفریدی جی پی کیپٹن ہمایون ونگ کمانڈر افتخار، میجر امیر، میجر فرمان کے علاوہ صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو، مشیر برائے صحت احتشام خان، رکن قومی اسمبلی علی محمد خان ،جماعت اسلامی خیبرپختونخوا وسطی کے امیر عبدالوسع ضلع مردان کے امیر غلام رسول، سابق صوبائی وزیر فضل ربانی ایڈوکیٹ، نعمان یوسف خان، ڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر، صوبائی اسمبلی کے رکن افتخار علی مشوانی،اسسٹنٹ کمشنر جنید خالد، ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران، معززینِ علاقہ، شہید کے اہل خانہ اور بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔شہید کی قبر پر صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی جانب سے پھولوں کا گلدستہ پیش کیا، جبکہ چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ کی جانب سے ڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر نے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر بچھائی گئی۔ اس موقع پر شہید کو مسلح افواج کی جانب سے سلامی بھی پیش کی گئی اور فضاء "شہید زندہ ہیں" کے نعروں سے گونج اٹھی۔
#شہید محمد ایاز کی عظیم قربانی کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے اپنی جان وطن کی حرمت، خودمختاری اور دفاع کے لیے نچھاور کر کے تاریخ میں اپنا نام امر کر دیا۔ ان کی قربانی اس عزم کی علامت ہے کہ پاکستان کے بہادر سپوت ہر لمحہ مادرِ وطن کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔ضلع مردان کی انتظامیہ اور عوام شہید کے خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور ان کی اس عظیم قربانی کو سلامِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ پاک فضائیہ کے یہ جانباز سپوت ہماری قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں۔اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ وہ شہید کے درجات بلند فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور اہل خانہ کو صبر و حوصلہ نصیب فرمائے۔