01/08/2026
شاہ محمد والی کے قریب مسلح ڈاکوؤں کی واردات، شہری سے موٹر سائیکل، موبائل اور نقدی چھین لی
تھانہ ٹمن پولیس نے ڈکیتی کا مقدمہ درج کر لیا، ملزمان کی تلاش شروع
تلہ گنگ (شوکت علی ملک) تھانہ ٹمن کے علاقے شاہ محمد والی کے قریب دو نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے ایک شہری سے موٹر سائیکل، موبائل فون اور نقد رقم چھین کر فرار ہونے کی واردات کی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
پولیس کے مطابق خوشحال گڑھ کے رہائشی سیف اللہ خان ولد غلام یٰسین نے رپورٹ درج کروائی کہ وہ پولٹری فارم سے اپنے گھر جا رہے تھے۔ شام تقریباً 7:40 بجے شاہ محمد والی سے خوشحال گڑھ روڈ پر نالہ لیٹی چڑھائی کے مقام پر دو نامعلوم نوجوانوں نے انہیں روک لیا۔
مدعی کے مطابق ایک ملزم نے جیب سے تقریباً 20 ہزار روپے نقد اور ویوو 2024 ماڈل موبائل فون چھین لیا، جبکہ دوسرے ملزم نے ان کا سفاری CD-70 ماڈل 2025 موٹر سائیکل بھی زبردستی چھین لیا۔ واردات کے بعد دونوں ملزمان موٹر سائیکل پر سوار ہو کر خوشحال گڑھ روڈ کی جانب فرار ہوگئے۔
پولیس نے مدعی کی درخواست پر دفعہ 382 تعزیراتِ پاکستان کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ مدعی کا کہنا ہے کہ سامنے آنے پر وہ دونوں ملزمان کو شناخت کر سکتا ہے۔